اسلام آباد: سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے فیس بک کے اہل صارفین کے لیے بغیر کسی ماہانہ یا سالانہ سبسکرپشن فیس کے اپنے اکاؤنٹ پر تصدیقی بیج حاصل کرنے کی سہولت متعارف کرا دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق میٹا نے فروری 2023 میں میٹا ویری فائیڈ کے نام سے بامعاوضہ سروس متعارف کرائی تھی، جس کے ذریعے صارفین نیلا تصدیقی بیج اور دیگر اضافی سہولیات حاصل کرتے تھے۔ تاہم کمپنی نے اب ایک نیا مفت ویری فکیشن نظام متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد حقیقی صارفین کی شناخت کی تصدیق کرنا ہے۔
اس پروگرام کے تحت صارفین کو صرف اپنی ایک سیلفی جمع کرانی ہو گی، جسے فیس بک پروفائل پر موجود تصاویر کے ساتھ جدید فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے ملایا جائے گا۔ میٹا کے مطابق تصدیق کا یہ عمل چند ہی منٹ میں مکمل ہو جائے گا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ سہولت صرف 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کے لیے دستیاب ہو گا۔ کامیاب تصدیق کے بعد صارف کے پروفائل پر ویری فکیشن بیج ظاہر ہو جائے گا، جو فیس بک کی مختلف سروسز پر بھی نظر آئے گا۔
میٹا نے واضح کیا ہے کہ یہ مفت ویری فکیشن بیج صرف اس بات کی تصدیق کرے گا کہ متعلقہ اکاؤنٹ کسی حقیقی شخص کا ہے۔ یہ بیج کسی صارف کی شہرت، حیثیت یا پیشہ ورانہ اعتبار کی تصدیق نہیں کرے گا، بلکہ اس کا مقصد صرف شناخت کی توثیق کرنا ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان میں سیمنٹ کی قیمتیں برقرار، 50 کلو بوری کے تازہ ریٹس جاری
