کراچی: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پیٹرول سستا کرو، لیوی ختم کرو، 7 اگست کو ملک گیر احتجاج ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول کی قیمت کم کی جائے اور پیٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے، لیوی ایک جگا ٹیکس اور عوام پر ڈاکا ہے جس کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
اُنہوں نے اعلان کیا کہ 7 اگست کو ہونے والا احتجاج پاکستان میں مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کرے گا۔امیر جماعت اسلامی نے طلبہ، نوجوانوں، بائیک رائیڈرز، ڈیلیوری بوائز، کورئیر سروس سے وابستہ افراد، مزدوروں، کسانوں اور پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کے ساتھ احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ پرامن سیاسی مزاحمت کے ذریعے عوام اپنے حقوق حاصل کریں گے اور حکومت کو عوامی مطالبات تسلیم کرنا ہوں گے۔
جماعت اسلامی نے 7 اگست کو ملک گیر دھرنوں اور احتجاج کا اعلان کر دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ قیمتوں کا نظام ختم کر کے پیٹرول 225 روپے فی لیٹر کیا جائے۔
اس سے قبل جماعت اسلامی کراچی کے ترجمان نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور روزانہ کی بنیاد پر ہونے والا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے، جس سے عام شہری، نوجوان، طلبہ، تاجر، صنعتکار اور ٹرانسپورٹرز سمیت معاشرے کا ہر طبقہ شدید متاثر ہو رہا ہے اور مہنگائی کے باعث مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تاجر و صنعتکار تنظیموں اور پیٹرول پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن نے بھی حکومتی فیصلے کو مسترد کیا ہے لیکن اس کے باوجود حکومت روزانہ کی بنیاد پر عوام پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے پر بضد ہے، جس سے غیر یقینی صورتحال پیدا ہو رہی ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں : پنجاب شرمپ انٹرن شپ پروگرام، نوجوانوں کو ایک لاکھ ماہانہ وظیفہ ملے گا
