اسلام آباد: سری لنکا نے پاکستانی شہریوں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے ویزا فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پاٹی والا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سری لنکن حکومت نے پاکستانیوں کے لیے ویزا فیس ختم کر دی ہے، آن لائن ویزہ درخواستوں کا فیصلہ عام طور پر 48 گھنٹے میں کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2026 کے دوران تقریباً 30 ہزار پاکستانی سیاحوں کی سری لنکا آمد متوقع ہے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 20 ہزار کے لگ بھگ تھی۔
انہوں نے کہا کہ ویزہ فیس کے خاتمے کے بعد نہ صرف سیاحتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے بلکہ پاکستانی جوڑے بھی اپنی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے سری لنکا کا رخ کر رہے ہیں جس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
قونصل جنرل نے تعلیمی تعاون پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں سری لنکا کے 100 طلباء کو وظائف فراہم کیے ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعلقات کو فروغ دینے کی ایک اہم مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2005 میں آزادانہ تجارت کا معاہدہ ہوا تھا لیکن اب بھی کچھ تجارتی رکاوٹیں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دوطرفہ تجارت کے حجم کو مزید بڑھایا جا سکے۔
سنجیو پاٹی والا نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دفاعی تعلقات بھی بہت اہمیت کے حامل ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے خواہشمند ہیں۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ویزہ فیس کے خاتمے سے سیاحت، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو نئی تحریک ملنے کا امکان ہے جس سے دونوں دوست ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
مزید پڑھیں : اپنی چھت، محفوظ چھت پروگرام کا آغاز
