لاہور(ویب ڈیسک) ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سرد رہنے کا امکان ہے۔
لاہور میں آلودگی کی شرح خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی موجودگی کے باعث شہر کا مطلع دھندلا گیا جبکہ صبح کے وقت حدِ نگاہ میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ شہر میں مجموعی طور پر آلودگی کی شرح 400 سے تجاوز کر گئی اور لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 420 ریکارڈ کیا گیا۔
سی ای آر پی آفس گلبرگ کے اطراف آلودگی کی شرح 768، سول سیکرٹریٹ کے اطراف 724، راوی روڈ کے اطراف 723، پنجاب یونیورسٹی کے اطراف 652، ایف ایف پاکستان آفس کے اطراف 661، پاکستان انجینئرنگ کونسل کے قریب 655، ساندہ روڈ پر 651، علامہ اقبال روڈ کے اطراف 619، گلبرگ 3 میں 607 جبکہ ایف سی کالج کینال روڈ کے اطراف بھی آلودگی کی شرح 607 ریکارڈ کی گئی۔
فضا میں آلودہ ذرات کی بڑھتی ہوئی مقدار کے باعث لاہور کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور گلے میں خراش کی شکایات کا سامنا ہے۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت کی ہے۔
کراچی دنیا کے آلودہ شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 163 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی، جس کے باعث فضائی معیار مضرِ صحت قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ضرور کریں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہرِ قائد میں آج دن بھر موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ رات کے اوقات میں ہلکی خنکی محسوس کی جائے گی۔ شہر میں وقفے وقفے سے تیز رفتار ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں شمال مشرقی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 47 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج دن کے وقت موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کی نسبت آج درجہ حرارت میں کمی ریکارڈ کی جائے گی اور شہرِ اقتدار کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے، جبکہ موسم مجموعی طور پر خشک اور قدرے خوشگوار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں صبح و رات کے اوقات میں موسم سرد رہے گا۔
لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، اوکاڑہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، خانیوال، رحیم یار خان، بہاولپور، ملتان اور گردونواح میں سموگ اور دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے وقت سردی برقرار رہے گی۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم جنوبی اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
مزیدپڑھیں:گھربناناخواب بن گیا،اینٹوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ



