شدید گرمی سے پریشان عوام کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق نیا بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہو رہا ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں پر مشتمل یہ نیا موسمی نظام کل ملک میں داخل ہوگا، جس کے اثرات 22 مئی تک برقرار رہ سکتے ہیں۔ اس دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
حکام کے مطابق بارش کا سسٹم آنے سے گرمی کی موجودہ شدید لہر میں نمایاں کمی واقع ہوگی اور درجہ حرارت میں بھی کمی متوقع ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسم خوشگوار ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب ملک کے جنوبی اور وسطی علاقوں میں آج بھی شدید گرمی برقرار رہی۔ سندھ کے شہر دادو میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ نواب شاہ اور جیکب آباد میں پارہ 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
اسی طرح سکھر اور رحیم یار خان میں درجہ حرارت 44 ڈگری جبکہ بہاولپور اور حیدرآباد میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ ماہرین موسمیات کے مطابق آنے والا سسٹم ان علاقوں میں بھی گرمی کی شدت کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
