Search
Close this search box.
جمعرات ,11 جون ,2026ء

بھارتی حکمراں اتحاد این ڈی اے دو تہائی اکثریت نہ لے سکا

نئی دہلی (نیوزڈیسک)بھارت کی 543 رکنی پارلیمنٹ لوک سبھا کے انتخابات میں نتائج کا سلسلہ جاری ہے، جس کے مطابق بھارتی انتخابات میں مودی اتحاد کو سادہ اکثریت تو مل گئی لیکن دو تہائی اکثریت میں لینے میں ناکام رہی۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق حکمراں جماعت بی جے پی 221 نشستوں پر کامیاب ہوگئی، اپوزیشن جماعت کانگریس نے 141 نشستیں جیت لی ہیں جبکہ 14 نشستیں دیگر کے نام رہی ہیں۔

بھارتی عام انتخابات کے نتائج ہر لمحے تبدیل ہو رہے ہیں، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیے اپ سیٹ جبکہ کانگریس کی نشستوں میں حیران کن اضافہ ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی حکمراں اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو 290 نشستوں پر برتری ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد انڈیا 235 نشستوں پر سبقت لیے ہوئے ہے۔

نریندر مودی کا ردعمل
بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ لوگوں نے لگا تار تیسری بار این ڈی اے پر بھروسہ کیا ہے، یہ بھارت کی تاریخ کا ایک تاریخی کارنامہ ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں مودی کا کہنا ہے کہ میں اس پیار کےلیے بھارتی عوام کے سامنے جھکتا ہوں۔

نریندر مودی نے کہا یقین دلاتا ہوں ہم لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کےلیے اچھے کام جاری رکھیں گے۔

انھوں نے کہا میں اپنے تمام کارکنان کو بھی ان کی محنت کےلیے سلام کرتا ہوں۔

کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ خفیہ ایجنسیاں، بیوروکریسی اور آدھی عدلیہ بھی ہمارے خلاف تھی۔ بھارت کے کمزور لوگ بھارتی آئین کو بچانے کے لیے کھڑے ہوئے۔

نئی دلی میں کانگریس ہیڈکوارٹرز میں پارٹی صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ یہ چناؤ ہم نے بھارت کے پورے گورننس کے خلاف لڑا ہے۔ ہماری لڑائی بھارت کے آئین کو بچانے کیلئے تھی۔

جالندھر کی نشست سے کانگریس کے امیدوار چرن جیت سنگھ چنی کامیاب ہوئے ہیں، انہوں نے بی جے پی کے امیدوار سشیل کمار رنکو کو 1 لاکھ 75 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انتخابی نتائج کے اثرات بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں بھی نظر آ رہے ہیں جو کریش کر گئی۔

بی ایس ای انڈیکس 4 ہزار378 پوائنٹس کی کمی سے 72 ہزار 76 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

ابتدائی نتائج کے مطابق بی جےپی کی زیرِ قیادت اتحاد این ڈے اے کو بھاری اکثریت ملنے کا امکان نہیں ہے۔

اس سے قبل ایگزٹ پولز میں مودی کے اتحاد این ڈی اے کی بڑی کامیابی کی پیشگوئی کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں