ممبئی(انٹرنیشنل ڈیسک)بھارت کے ارب پتی بزنس مین رتن ٹاٹا دنیا سے جاتے جاتے بھی انسانیت کو ایک نیا نظریہ دے گئے۔
‘ٹاٹا’ کاروباری دنیا کا وہ نام جس نے نہ صرف اپنی محنت سے خوب دولت کمائی بلکہ اپنے مال و دولت سے انسانی خدمت کرنے کا بھی کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا اور یہی وجہ ہے کہ 9 اکتوبر کو انکی دنیا سے رخصت پر بھارت میں سوگ کا سماء ہے۔
بھارت کے ارب پتی کاروباری شخص اور ٹاٹا سنز کے چیئرمین ایمریٹیس رتن ٹاٹا بدھ 9 اکتوبر کی رات ساڑھے گیارہ بجے 86 سال کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بڑھتی عمر کے ساتھ رتن ٹاٹا طویل عرصے سے مختلف بیماریوں سے گھرے ہوئے تھے اور انکا علاج جاری تھا۔
رتن ٹاٹا کو 6 اکتوبر کی صبح نازک حالت میں ممبئی کے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے۔
رتن ٹاٹا نے تین روز قبل فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر ایک آخری پوسٹ شیئر کی تھی جس میں انہوں نے اپنی صحت کے حوالے سے زیرِ گردش خبروں پر لب کشائی کی اور چاہنے والوں کو یقین دہانی کروائی کہ وہ ٹھیک ہیں۔
رتن ٹاٹا نے اپنی دولت کو بھارت کی عوام کی تعلیم، صحت اور انکی فلاح و بہبو کے کاموں میں صرف کیا اور یہی وجہ ہے کہ ان کی موت کی خبر بھارتی عوام کیلئے کسی بڑے صدمے سے کم نہیں۔
رتن ٹاٹا نے ساری زندگی انسانی ہمدردی میں گزاری اور دنیا سے رخصت ہوتے وقت بھی انسانیت کو ایک مثبت سوچ سے نواز گئے۔
رتن ٹاٹا ایک پارسی خاندان میں پیدا ہوئے اور وہ زرتشت مذہب کے پیروکار تھے لیکن سوشل میڈیا پر رتن ٹاٹا کی آخری رسومات کی ویڈیوز میں تمام مذاہب کے لوگوں کی شرکت سب کی توجہ کا مرکز بن چکی ہے جن میں انکے ملازمین اور عام عوام شامل ہیں۔
رتن ٹاٹا کی آخری رسومات میں جہاں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والی بھارتی عوام پہنچی وہیں مسلم ، ہندو، عیسائی اور سکھوں کے مذہبی رہنما بھی پہنچے اور رتن ٹاٹا کی موت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے انکے نیک کاموں کو سراہا بھی۔
سوشل میڈیا صارفین ان ویڈیوز پر مختلف تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ ‘ممکنہ طور پر تمام مذاہب کے رہنماؤں کو آخری رسومات میں مدعو کرنا رتن ٹاٹا کی وصیت کا حصہ ہوگا’۔
ایک صارف نے لکھا کہ ‘رتن ٹاٹا کیلئے انسانیت ہر شے سے بڑھ کر تھی، جیسے انہوں نے انسانی ہمدردی کرتے ہوئے مذہب کا فرق نہیں دیکھا ویسے ہی انکی آخری رسومات میں بھی منظر دیکھنے کو مل رہے ہیں’۔
مزیدپڑھیں :ترپتی دمری، شاہ رخ خان جیسے لائف پارٹنر کی خواہشمند؟
