Search
Close this search box.
پیر ,06 جولائی ,2026ء

نویں جماعت کا طالبعلم اچانک 87 کروڑ روپے بینک بیلنس کیساتھ کروڑ پتی بن گیا

بھارتی ریاست بہار کے ضلع مظفرپور میں نویں جماعت کے طالبعلم سیف علی نے اپنے بینک اکاؤنٹ کا بیلنس چیک کیا تو وہ لمحاتی طور پر کروڑ پتی بن گیا لیکن یہ خوش قسمتی صرف پانچ گھنٹوں کے لیے رہی۔

نیوز 18 کے مطابق چندن پٹی، سکرا بلاک کے رہائشی سیف علی ایک مقامی سائبر کیفے میں اپنے ذاتی کام کے لیے گئے تھے، جہاں انہوں نے اپنے بینک اکاؤنٹ سے 500 روپے نکالنے کا ارادہ کیا۔ لیکن جب انہوں نے سکرین پر بیلنس دیکھا تو وہ حیرت زدہ رہ گئے۔ ان کے اکاؤنٹ میں 87 کروڑ 65 لاکھ روپے کی خطیر رقم نظر آ رہی تھی۔

سیف اور کیفے کا مالک دونوں پہلے تو چونک گئے اور اسے غلطی سمجھا۔ تصدیق کے لیے بیلنس دوبارہ چیک کیا لیکن وہی رقم نظر آئی۔ اس حیران کن صورتحال پر سیف فوراً گھر پہنچے اور اپنی والدہ کو اس بارے میں بتایا۔

سیف کی والدہ نے گاؤں کے ایک لڑکے کو اس معاملے سے آگاہ کیا، جو بینک کے کسٹمر سروس پوائنٹ پر سٹیٹمنٹ لینے گیا۔ وہاں پتا چلا کہ رقم اکاؤنٹ سے غائب ہو چکی ہے اور بیلنس 532 روپے پر واپس آ گیا ہے۔ اس کے بعد بینک اکاؤنٹ کو منجمد کر دیا گیا۔

یہ عجیب و غریب واقعہ صرف پانچ گھنٹوں تک جاری رہا، جس دوران سیف کے اکاؤنٹ میں یہ بھاری رقم موجود رہی، جو بعد میں پراسرار طور پر غائب ہو گئی۔ جب سیف اور ان کے اہلخانہ بینک پہنچے تو بینک نے تصدیق کی کہ رقم غائب ہو چکی ہے اور بیلنس معمول پر آ گیا ہے۔

شمالی بہار گرامین بینک نے اس معاملے کی اندرونی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اتنی بڑی رقم غلطی سے سیف کے اکاؤنٹ میں کیسے کریڈٹ ہوئی اور اس کے پیچھے کون ہو سکتا ہے۔

سائبر ڈی ایس پی سیما دیوی نے بتایا کہ اس طرح کے واقعات، جن میں سائبر فراڈ کے ذریعے فنڈز کی غلط تقسیم ہوتی ہے، عام ہیں۔ شبہ ہے کہ فراڈیوں نے طالبعلم کے اکاؤنٹ کو کسی مقصد کے لیے استعمال کیا ہو گا، جس کے نتیجے میں یہ غلط کریڈٹ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں