منی پور(اوصاف نیوز)بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت اِمپھال جانیوالی انڈیگو ائیرلائن کی پرواز جمعرات کے روز معمولی تکنیکی خرابی کے باعث فضاء میں ہچکولے کھانے لگی ، پرواز میں بیٹھے لوگوں میں خوف وہراس چیخنے چلانے لگے،پائلٹ پرواز کو واپس دہلی ایئرپورٹ پر اتارنے پر مجبور ہوگیا.
بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق فلائٹ 6E 5118، جو اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ دہلی سے امپھال کے لیے روانہ ہوئی تھی، پرواز کے دوران ایک تکنیکی خرابی کا شکار ہوئی۔ احتیاطی تدابیر کے تحت پائلٹس نے طیارے کو واپس دہلی لے جانے کا فیصلہ کیا، جہاں وہ بحفاظت لینڈ کرگیا۔
انڈیگو کے ترجمان کے مطابق ضروری ضابطوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے طیارے کا مکمل معائنہ کیا گیا اور کچھ دیر بعد پرواز دوبارہ روانہ ہوئی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے مسافروں کو ہونے والی زحمت پر افسوس ہے۔ حسبِ روایت ہمارے لیے مسافروں، عملے اور طیارے کی حفاظت اور سلامتی اولین ترجیح ہے۔’
رپورٹ کے مطابق، واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور تاخیر کے دوران مسافروں کو مکمل معاونت فراہم کی گئی۔ ایئرلائن نے تکنیکی خرابی کی نوعیت کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
اس سے قبل بدھ کے روز دہلی سے گوا جانے والی ایک انڈیگو پرواز کو بھی دورانِ پرواز تکنیکی خرابی کا سامنا ہوا، جس کے بعد طیارے کو ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔
مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل21 جولائی سے شروع ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
