Search
Close this search box.
هفته ,04 جولائی ,2026ء

5 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ سے سفر شروع کرنے والا پروف ریڈر ایک کروڑ کی بچت تک پہنچ گیا

بھارت(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست بینگلورو کے محض میٹرک پاس ایک پروف ریڈر نے ثابت قدمی اور صبر سے 25 برسوں میں ایک کروڑ روپے کی بچت کر کے مثال قائم کردی ہے، ان کی کہانی ریڈٹ پر وائرل ہوئی، جہاں ہزاروں صارفین نے ان کی سادگی اور مالی نظم و ضبط کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

پروف ریڈر نے سن 2000 میں صرف 5 ہزار روپے کے ساتھ عملی زندگی کا آغاز کیا اور ابتدائی تنخواہ 4,200 روپے تھی، جو وقت کے ساتھ محنت اور مستقل مزاجی سے بڑھ کر 63 ہزار تک جا پہنچی۔ انہوں نے زندگی بھر سادہ طرزِ زندگی اپنایا، گھر یا گاڑی خریدنے کے بجائے کرایے پر رہائش اختیار کی اور خرچ کے بجائے بچت کو ترجیح دی۔

انہوں نے اپنی بچت فکسڈ ڈپازٹ اور ری کرنگ ڈپازٹ میں جمع کرائی اور قرض لینے یا فضول اخراجات سے گریز کیا۔ اب 48 برس کی عمر میں ان کی کل جمع پونجی ایک کروڑ روپے سے زائد ہوچکی ہے، جو ان کے اہلخانہ کے مستقبل کے لیے بڑی ضمانت ہے۔

ریڈٹ پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ یہ سفر تیز تر ترقی یا شارٹ کٹ کے بجائے صبر اور مستقل مزاجی پر مبنی تھا۔ ان نے کہا ’ہم نے کبھی عیش و عشرت کو ترجیح نہیں دی، نہ ہی کار یا نیا گھر خریدا۔ دیہات میں ہمارا آبائی مکان ہے جہاں بڑھاپے کے دن گزاریں گے۔ صبر، صحت اور وقت انسان کے سب سے بڑے اثاثے ہیں۔‘

اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر نوجوانوں نے ان کی مثال سے حوصلہ پایا۔ کئی صارفین نے کہا کہ ایسے دور میں جب اکثر لوگ فوری کامیابی کے پیچھے بھاگتے ہیں، یہ کہانی مستقل مزاجی اور سادگی کی بہترین مثال ہے۔ بعض نے یہ بھی کہا کہ اگر یہی ڈسپلن جدید سرمایہ کاری جیسے میوچل فنڈز پر اپنایا جائے تو نتائج اور بھی جلد حاصل ہو سکتے ہیں۔

صارفین نے کرایے پر رہنے کو خریدنے سے بہتر قرار دینے پر بھی بحث کی اور اسے مالی لچک کے لیے مثبت فیصلہ کہا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا:

’یہ پوسٹ نئی ہوا کا جھونکا ہے۔ ایسے وقت میں جب ہماری نسل خواہشات اور ضرورتوں میں فرق بھلا بیٹھی ہے، آپ کی کہانی نے اصل راستہ دکھایا ہے۔‘

مزید پڑھیں۔نائیجیریا میں کشتی ڈوبنے سے 60 افراد ہلاک، متعدد لاپتا

یہ بھی پڑھیں