بوگوٹا (ویب ڈیسک) کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے ایک غیر معمولی اور انسان دوست فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ منشیات کے اسمگلروں سے ضبط کیا گیا سونا اب غزہ کے جنگ زدہ اور متاثرہ فلسطینیوں کی امداد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
صدر پیٹرو نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ یہ سونا بالخصوص فلسطینی بچوں کے علاج، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اور غزہ کی تعمیرِ نو میں استعمال ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام انسانیت، انصاف اور عالمی یکجہتی کی روشن مثال ہے۔
صدر نے واضح کیا کہ کولمبیا فلسطینی عوام کے ساتھ انسانیت کی بنیاد پر کھڑا ہے اور اس کی حمایت محض بیانات تک محدود نہیں، بلکہ عملی اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اقوام متحدہ میں ایک قرار داد پیش کرنے جا رہے ہیں، جس میں عالمی سطح پر ایک فورس تشکیل دینے کی تجویز دی جائے گی جو غزہ کی تعمیرِ نو اور بحالی میں مدد فراہم کرے گی۔
گستاوو پیٹرو کو فلسطین کے ایک مضبوط ترین عالمی حامیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ ماضی میں اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کی جانے والی فوجی کارروائیوں اور انسانی
حقوق کی خلاف ورزیوں پر کھل کر تنقید کرتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ کولمبیا نے گزشتہ برس بھی درجنوں زخمی فلسطینی بچوں کو علاج کے لیے اپنے دارالحکومت بوگوٹا کے اسپتالوں میں لایا تھا، جسے عالمی سطح پر سراہا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : پاک فوج کی بڑی کارروائی ،مہمند میں دراندازی کی کوشش ناکام



