اسلام آباد (ویب ڈیسک)پاکستان میں مقامی ٹماٹر کی فصل ختم ہونے کے بعد ایران سے آنے والی محدود فراہمی کے باعث ٹماٹر کی قیمتوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ملک بھر کی مختلف مارکیٹوں میں ٹماٹر کی قیمت 350 سے 600 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی ہے۔
لاہور اور پشاور میں ٹماٹر کی قیمت 400 سے 500 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہی ہے، جبکہ کوئٹہ اور کراچی میں قیمت میں کچھ کمی دیکھی گئی ہے اور ٹماٹر اب تقریباً 350 روپے فی کلو میں دستیاب ہے، جو گزشتہ روز 500 روپے تک جا پہنچی تھی۔
جنوبی وزیرستان کے علاقوں لوئر اور وانا میں ٹماٹر 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے، جب کہ بلوچستان کے شہر حب میں اس کی قیمت 500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ مقامی فصل کی عدم دستیابی ہے۔ اس کے علاوہ ایران سے محدود ٹماٹر کی فراہمی اور افغانستان سے سپلائی متاثر ہونے کے باعث بھی مارکیٹ میں طلب اور رسد کے بیچ عدم توازن پیدا ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے ٹماٹر کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے ٹماٹر کی قیمتوں کو قابو میں رکھا جا سکے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
حکومت کی جانب سے بھی اس حوالے سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے مانیٹرنگ اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ مارکیٹ میں استحکام لایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: عدالت نے خیبرپختونخوا کی بڑی شخصیت کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

