کوئٹہ(نیوز ڈیسک) کالعدم بلوچ یکجہتی کمیٹی کی رہنما ماہ رنگ لانگو کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کی جانب سےدی جانے والی عمر قید کی سزا کے خلاف تنظیم کی جانب سے صوبے میں شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی کال کو عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، جس کے بعد پورے صوبے میں تجارتی و سفری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ر ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں صورتحال بالکل پرامن ر ہے اور کہیں بھی کسی قسم کا احتجاج یا دھرنا دیکھنے میں نہیں آیا۔
ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کوئٹہ کو دیگر اضلاع سے ملانے والے تمام داخلی اور خارجی راستے ٹریفک کے لیے مکمل کھلے ر ہے ۔ قومی شاہراہ N-40 پر گاڑیوں کی آمد و رفت بلا تعطل جاری ر ہی، جبکہ کراچی اور کوئٹہ کو ملانے والی اہم ترین شاہراہ N-25 پر واقع لکپاس ٹنل پربھی ٹریفک مطابق چلتی رہی ۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر کے اندر تمام شاہراہیں اور تجارتی مراکز کھلے ر ہے ۔ شہر کے تمام بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ پلازوں میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ر ہیں ۔
مستونگ، نوشکی اور ژوب سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق وہاں بھی کالعدم بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ہڑتال کی کال کا کوئی اثر نہیں دیکھا گیا۔ مستونگ شہر کے تمام بازار اور سڑکیں کھلی رہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ رواں دواں رہی۔ نوشکی میں قومی شاہراہ N-40 پر مال بردار گاڑیاں بھی چلتی رہیں جبکہ نوشکی شہر کے اندر تمام دکانیں اور پلازے حسبِ معمول کھلے رہے۔ اسی طرح ژوب شہر میں بھی تمام کاروباری مراکز، مارکیٹیں اور تعلیمی ادارے کھلے رہے، جبکہ قومی شاہراہ N-50 پر بھی ٹریفک کی روانی بالکل نارمل رہی۔ عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ صوبے کے غیور عوام نے بی وائی سی کے منفی ایجنڈے کو مسترد کرتے ہوئے امن اور ترقی کا ساتھ دیا ہے، جس کی وجہ سے صوبے بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن کی کوششیں بری طرح ناکام ہو گئی ہیں۔
دوسری جانب صوبائی انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے بھی کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے صوبے بھر کی تمام حساس شاہراہوں اور تجارتی مراکز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، تاہم پُرامن ماحول اور عوامی عدم دلچسپی کے باعث کہیں سے بھی کسی بدمزگی کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور دن بھر تمام نجی و سرکاری امور خوش اسلوبی سے انجام پاتے رہے۔
مزید پڑھیں۔رونالڈو کا ورلڈ کپ میں نیا عالمی ریکارڈ، تاریخ رقم کر دی
