اسلام آباد (ویب نیوز) دنیا کی سب سے بڑی کلاؤڈ سروس کمپنی ایمیزون ویب سروسز (AWS) کو ایک بڑی تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا،
جس کے باعث دنیا بھر میں سینکڑوں ویب سائٹس اچانک بند ہو گئیں اور لاکھوں صارفین متاثر ہوئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خرابی AWS کے ایک اندرونی نظام میں پیدا ہوئی جو نیٹ ورک لوڈ بیلنسنگ کے نظام کی نگرانی کرتا ہے۔ اس خرابی کی وجہ سے متعدد اہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بشمول ای کامرس، گیمنگ، چیٹ اور آن لائن ایپلیکیشنز متاثر ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق معروف سروسز جیسے ChatGPT، اسنیپ چیٹ، زوم، روبلوکس، سگنل اور ڈوولنگو بھی اس خرابی سے متاثر ہونے والی سائٹس میں شامل ہیں۔
انٹرنیٹ بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ DownDetector نے بتایا کہ اس تکنیکی خرابی سے دنیا بھر میں ایک ہزار سے زائد کمپنیوں کی سروسز متاثر ہوئیں۔ امریکا، برطانیہ، جرمنی اور آسٹریلیا سمیت متعدد ممالک سے لاکھوں صارفین نے سروس بند ہونے کی شکایات درج کروائیں۔
ٹیکنالوجی ماہرین نے AWS کی اس ناکامی کو تاریخ کی بڑی ترین کلاؤڈ خرابی قرار دیا ہے، جس نے عالمی سطح پر انٹرنیٹ سروسز کو بری طرح متاثر کیا۔
دوسری جانب، ایمیزون کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بنیادی خرابی کو دور کر دیا گیا ہے، تاہم کچھ سروسز میں اب بھی معمولی تکنیکی مسائل باقی ہیں۔ کمپنی کے مطابق بحالی کا عمل جاری ہے اور تکنیکی ٹیمیں سسٹم کی مکمل فعالیت یقینی بنانے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہیں۔
مزید پڑھیں : کراچی میں دیوالی مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

