ابوظہبی (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں کیے گئے فلکیاتی حسابات کے مطابق رمضان المبارک 2026 کے آغاز کی متوقع تاریخ 19 فروری بتائی جا رہی ہے، جبکہ اسلامی مہینے رجب 1447 ہجری کے آغاز کا امکان 21 دسمبر 2025 سے ظاہر کیا گیا ہے۔
مصر کے نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف فلکیات و جیو فزکس کے سربراہ ڈاکٹر طہ رباح کے مطابق رجب کا نیا چاند 20 دسمبر کو قاہرہ کے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 45 منٹ پر پیدا ہوگا، اور اسی روز چاند نظر آنے کے امکانات بھی موجود ہیں۔
فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ میں سورج غروب ہونے کے بعد چاند تقریباً 14 منٹ تک افق پر رہے گا، جبکہ قاہرہ میں اس کا دورانیہ تقریباً 10 منٹ ہوگا۔ عرب دنیا اور دیگر اسلامی ممالک کے مختلف دارالحکومتوں میں چاند کے نظر آنے کا وقت 1 سے 26 منٹ کے درمیان رہنے کی توقع ہے، تاہم ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں چاند سورج کے ساتھ ہی غروب ہو جائے گا۔
رمضان المبارک 2026 کے آغاز سے متعلق مزید بتایا گیا ہے کہ یو اے ای میں کیے گئے فلکیاتی اندازوں کے مطابق یہ مقدس مہینہ 19 فروری سے شروع ہو سکتا ہے، تاہم حتمی اعلان 29 شعبان کو سعودی عرب میں چاند کی رویت کے بعد کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق رمضان 2026 کے دوران مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ مختلف ہوگا۔ ابتدائی دنوں میں روزہ تقریباً 12 گھنٹے کا ہوگا، جبکہ مہینے کے آخری ایام میں یہ دورانیہ بڑھ کر تقریباً 13 گھنٹے تک پہنچنے کا امکان ہے۔
مزیدپڑھیں:ترکیہ کے تعاون سے ہری پور میں 41 اجتماعی شادیوں کا انعقاد، ہر جوڑے کو 200 ڈالر سلامی



