لاس اینجلس(ویب ڈیسک ) اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ایک بار پھر مریخ پر انسانی آبادکاری کے اپنے خواب کا اظہار کیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بنجر نظر آنے والا سرخ سیارہ مریخ بھی ایک دن سرسبز اور زندگی سے بھرپور ہو سکتا ہے۔
جس پوسٹ پر ایلون مسک نے ردعمل دیا، اس میں مریخ کی ایک اے آئی ویڈیو شامل تھی جس میں دکھایا گیا تھا کہ کس طرح اس سیارے پر سرسبز گھاس اور پودے اگ رہے ہیں ۔ اس پر تبصرہ کرتے ہوئے ایلون مسک کا کہنا تھا کہ مریخ پر زندگی کا امکان بالآخر حقیقت بن سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اسپیس ایکس 2026 میں مریخ کی جانب بغیر انسانوں کے پانچ اسٹار شپ مشنز بھیجنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔
ستمبر 2024 میں ایکس پر جاری بیان میں ایلون مسک نے بتایا تھا کہ ابتدائی طور پر یہ مشنز بغیر انسانوں کے روانہ کیے جائیں گے، جن کے بعد کامیابی کی صورت میں انسان بردار مشنز بھیجے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان مشنز کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ اسٹار شپ راکٹس مریخ کی سطح پر محفوظ لینڈنگ کر پاتے ہیں یا نہیں۔ اگر یہ مرحلہ کامیابی سے طے پا گیا تو آئندہ چار برسوں میں خلا بازوں کو مریخ بھیج دیا جائے گا، تاہم کسی تکنیکی مشکل کی صورت میں یہ منصوبہ مزید دو سال تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔
ایلون مسک نے یہ بھی بتایا کہ مریخ کا سفر ہر 2 سال بعد ہی ممکن ہوتا ہے کیونکہ اسی دوران زمین اور مریخ سورج کے گرد گردش کرتے ہوئے ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے لینڈنگ کامیاب ہو یا نہیں، اسپیس ایکس ہر 2 سال بعد زیادہ سے زیادہ خلائی جہاز مریخ بھیجتی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ہزاروں اسٹار شپ مریخ کا رخ کریں گے۔ مریخ پر انسانوں کو بسانا ایلون مسک کا دیرینہ خواب ہے۔ دسمبر 2023 میں بھی انہوں نے ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ انسانوں کو زمین سے آگے بڑھ کر چاند پر بیس اور مریخ پر شہر تعمیر کرنے چاہئیں۔
اس سے قبل اگست 2022 میں ایک جریدے میں شائع ہونے والے مضمون میں ایلون مسک نے لکھا تھا کہ انسانی تہذیب کو دیگر سیاروں تک جانے کی صلاحیت حاصل ہونی چاہیے۔ ان کے مطابق اگر زمین کسی وجہ سے رہائش کے قابل نہ رہے تو انسانوں کو نئے گھر کی تلاش میں خلا کی جانب سفر کرنا ہوگا۔
مزیدپڑھیں:پیرافورس نے ساتویں گریڈ کی 500 آسامیوں کا اعلان کر دیا

