Search
Close this search box.
جمعه ,05 جون ,2026ء

ایران کے نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا، باضابطہ اعلان مجلس خبرگان کرے گی

تہران(انٹرنیشنل‌ڈیسک)سینئر عالم دین آیت اللہ احمد علم الہدیٰ نے کہا ہے کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر کا انتخاب کر لیا گیا، باضابطہ اعلان مجلس خبرگان کے سیکرٹریٹ کی جانب سے کیا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق مجلس خبرگان کے اکثریتی ارکان مجتبیٰ خامنہ ای کو سپریم لیڈر منتخب کرنے پر متفق ہیں، اراکین کا اتفاق رائے عوام کی مرضی اور شہید سپریم لیڈر کے طرز عمل کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کچھ اراکین کی مختلف آراء ہیں، لیکن اختلاف رائے مخلصانہ ہے، کوئی سیاسی مقاصد نہیں، سپریم لیڈر کے باضابطہ اعلان میں تاخیر سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے ہے۔

رکن مجلس خبرگان محمد میر باقر نے کہا ہے کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے حوالے سے زیادہ تر ارکان متفق ہو چکے ہیں تاہم عمل سے متعلق کچھ رکاوٹیں ابھی باقی ہیں جنہیں حل کرنا ضروری ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق ہفتے کے روز اسمبلی کے ایک اور سینئر رکن نے بتایا تھا کہ نئے سپریم لیڈر کے انتخاب کے لیے ارکان ایک دن کے اندر اجلاس کریں گے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ارکان کے درمیان اس بات پر معمولی اختلاف موجود ہے کہ حتمی فیصلہ باقاعدہ بالمشافہ اجلاس کے بعد کیا جائے یا موجودہ حالات میں اس رسمی عمل کے بغیر ہی اعلان کر دیا جائے۔

اسمبلی آف ایکسپرٹس کے رکن آیت اللہ محسن حیدری نے کہا کہ موجودہ حالات میں حتمی ووٹنگ کے لیے اسمبلی کا براہ راست اجلاس ممکن نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک امیدوار کا انتخاب کر لیا گیا ہے جو مرحوم سپریم لیڈر کی اس ہدایت کے مطابق ہے کہ ایران کا اعلیٰ رہنما ایسا ہونا چاہیے جسے دشمن ناپسند کرے نہ کہ اس کی تعریف کرے۔
مزیدپڑھیں:روس انٹیلی جنس شیئر کر بھی رہا ہو تو ایران کو کوئی فائدہ نہیں ہو رہا: ٹرمپ

یہ بھی پڑھیں