تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اردو زبان میں ایک پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی اور صہیونی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے ایران کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستانی حکومت اور عوام کے اس تعاون اور حمایت پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان نے مشکل وقت میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ایران اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے ساتھ اپنے موقف پر قائم ہے اور ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ان بابرکت، الٰہی اور روحانی دنوں اور گھڑیوں میں،
میں حکومت اور عوامِ پاکستان کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے امریکہ اور صہیونی رجیم کی جارحیت کے مقابلے میں عوام اور حکومتِ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنی یکجہتی اور حمایت کا بھرپور اظہار کیا۔— Seyed Abbas Araghchi (@araghchi) March 16, 2026
ان کا کہنا تھا کہ ایران کو یقین ہے کہ دوست ممالک اور عوام کی حمایت سے موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی بہترین سفارت کاری کی دنیامعترف ہے اور آج ایران نے پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے، پاکستان اپنی متوازن خارجہ پالیسی اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل کرچکا ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق پاکستان نے بیک وقت عرب ممالک اور ایران کے ساتھ متوازن بات چیت قائم کرکے بہترین سفارت کاری کا عملی مظاہرہ کیا، ایرانی وزیر خارجہ کا بیان پاکستان کی بہترین سفارت کاری اور خطے میں نمایاں حیثیت کا عکاس ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال میں بے پناہ پیچیدگیوں کے باوجود ایک انتہائی اہم اور مثبت تعمیری کردار ادا کر رہا ہے۔
پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی خطے میں برادر ممالک کے درمیان امن کے لیے کی گئی کاوشیں قابل ستائش ہیں جو جنگ کو محدود کرنے میں انتہائی اہم ہیں۔
مزیدپڑھیں:موت کی افواہیں: اسرائیلی وزیراعظم کی تیسری ویڈیو جاری



