سعودی عرب(saudi arabia) میں موسمی صورتحال نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے جہاں محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ہنگامی الرٹ(alert) جاری کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جمعہ تک جاری رہنے والی اس موسمی لہر کے دوران کئی شہروں میں تیز بارش، ژالہ باری اور گرد آلود ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہو گئے ہیں۔
شہری دفاع کے ادارے نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ موسلا دھار بارش کے دوران گھروں یا محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں۔ خاص طور پر نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور وادیوں کے قریب جانے سے منع کیا گیا ہے کیونکہ وہاں اچانک سیلابی ریلے آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن اور اس کے گرد و نواح میں درمیانی سے شدید بارش متوقع ہے جبکہ طائف، میسان، تربہ، رنیہ اور دیگر علاقوں میں بھی خراب موسم کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح دارالحکومت ریاض اور اس کے ملحقہ علاقوں میں بھی موسلا دھار بارش اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:سپیکر پنجاب اسمبلی کا بڑا فیصلہ،اہم تفصیلات سامنے آگئیں
حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران وادیوں میں جمع ہونے والے پانی میں نہانے یا تیراکی سے مکمل پرہیز کیا جائے کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ اس کے علاوہ ڈرائیورز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ پھسلن والی سڑکوں پر محتاط ڈرائیونگ کریں۔
شہری دفاع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔ مزید کہا گیا ہے کہ عوام روایتی اور سوشل میڈیا کے ذریعے جاری ہونے والی مستند معلومات پر نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت بچا جا سکے۔
