محکمہ بلدیات پنجاب نے عیدالاضحی کے موقع پر مویشی منڈیوں کی نیلامیوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ای-اکشن سسٹم کا آغاز کر دیا ہ جس کے تحت صوبے بھر میں مویشی منڈیوں کی نیلامیاں مکمل طور پر آن لائن ہوں گی۔
پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحت 112 مویشی منڈیاں اس ڈیجیٹل نیلامی کا حصہ بنیں گی۔ ای-اکشن سسٹم کے تحت کنٹریکٹرز کی آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت بولی میں حصہ لینے کے خواہش مند ٹھیکیدار 13 مئی تک اپنی رجسٹریشن آن لائن مکمل کرا سکیں گے۔
آن لائن بولی کا باقاعدہ آغاز 21 مئی کی صبح 9 بجے ہو گا اور یہ عمل 23 مئی شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ کامیاب بولی دہندگان سے اضافی سیکیورٹی رقم بھی ڈیجیٹل طریقے سے وصول کی جائے گی جبکہ رجسٹریشن فیس سمیت تمام مالی ادائیگیاں آن لائن ہی ممکن ہوں گی۔

