اسلام آباد(اوصاف نیوز) وفاقی حکومت کا آئندہ مالی سال 26-2025 کا بجٹ تیاری کے آخری مراحل میں داخل عید کی چھٹیوں کے بعد بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔جبکہ بجٹ میں مہنگائی کے دوبارہ بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
آئندہ مالی سال کے دوران صارف قیمت اشاریہ (CPI) کی بنیاد پر اوسط مہنگائی کی شرح 7.5 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جو کہ موجودہ مالی سال کے 5 فیصد کے مقابلے میں زیادہ ہے۔
منصوبہ بندی کی وزارت نے یہ بھی خبردار کیا ہے کہ درآمدات پر پابندیاں نرم کرنے اور قرضوں کی ادائیگی کی وجہ سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ سکتا ہے، جس سے آئندہ بجٹ میں بیرونی شعبہ دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔
سالانہ منصوبہ بندی رابطہ کمیٹی کا اجلاس 2 جون 2025 پیر کو متوقع ہے جس میں آئندہ بجٹ کے لیے مجموعی معاشی فریم ورک کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں مالی سال 26-2025 کے لیے 4.2 فیصد شرح نمو کا ہدف رکھا گیا ہے، جو کہ موجودہ مالی سال کی 2.68 فیصد شرح سے زیادہ ہے۔


