اسلام آباد(اوصاف نیوز)وفاقی آئینی عدالت نے پرائیویٹ اداروں کے ملازمین کو اولڈ ایج پنشن دینے کا حکم دے دیا۔
وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کو تمام درخواست گزاروں کو ماہانہ اولڈ ایج پنشن ادا کرنے کا حکم دے دیا۔پندرہ سال سے کم مگر ساڑھے چودہ سال سروس مکمل کرنے والے ملازمین پنشن کے حقدار قرار دیے گئے ہیں ۔
وفاقی آئینی عدالت نے ای او بی آئی کی جانب سے دائر تمام اپیلیں خارج کر دیں۔ وفاقی آئینی عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے 2024 اور 2025 کے فیصلے برقرار رکھے۔
چیف جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے فیصلہ دیا۔جسٹس حسن اظہر رضوی کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔
آئینی عدالت نے حکم دیا کہ سروس کے چھ ماہ یا زائد عرصے کو پورا ایک سال تصور کیا جائے گا، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے درست ہیں، مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں،شیڈول کو قانون کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے ، ای او بی آئی کی 2022 کا سرکلر پنشن کے حق کو متاثر نہیں کر سکتا۔
وفاقی آئینی عدالت نے فیصلے میں کہا کہ فلاحی قانون کی سخت تشریح سے پنشن سے محروم کرنا ناانصافی ہے،ساڑھے چودہ سال سے زائد سروس مکمل کرنے والے پندرہ سال مکمل تصور ہوں گے، پنشن کے معاملے میں راؤنڈنگ آف کا اصول لاگو ہوگا۔
مزید پڑھیں: شہری اب آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس حاصل کرسکیں گے

