Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

کسٹم میں کمی کے بعد استعمال شدہ موبائل فونز کی قیمتوں میں کتنی کمی ہوگی؟

اسلام آباد(اوصاف نیوز) وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ماتحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیوایشن نے 62 مختلف ماڈلز کے پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کی کسٹمز ویلیوز اپ ڈیٹ کر دی ہیں، جس کے نتیجے میں موبائل فونز کی قیمتوں اور پی ٹی اے ٹیکس میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

ایف بی آر کے مطابق یہ اقدام عالمی مارکیٹ میں رائج اصل قیمتوں کے مطابق ڈیوٹی اور ٹیکس کو ہم آہنگ کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جبکہ نئی کسٹمز ویلیوز 16 جنوری 2026 سے نافذ العمل ہیں۔

کن موبائل فونز پر اثر پڑے گا؟

یہ تبدیلیاں خاص طور پر ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل اور ون پلس کے پرانے اور استعمال شدہ ماڈلز پر لاگو ہوں گی۔

مثال کے طور پراستعمال شدہ آئی فون 15 پرو میکس کی کسٹمز ویلیو تقریباً 460 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

آئی فون 15 پرو کی ویلیو 390 ڈالر

آئی فون 15 اور 15 پلس کی ویلیو تقریباً 89 ہزار روپے

آئی فون 13 سیریز اور دیگر ماڈلز کی ویلیوز میں 32 سے 81 فیصد تک کمی کی گئی ہے

سام سنگ فونز کے لیے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سام سنگ گلیکسی S23 الٹرا کی ویلیو 71 ہزار روپے، S23 پلس اور S22 الٹرا کی ویلیو 45 ہزار روپے، S22 پلس کی ویلیو 21 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔

استعمال شدہ آئی فونز کی کسٹمز ویلیو اب 95 سے 295 ڈالر جبکہ سام سنگ فونز کی ویلیو 40 سے 255 ڈالر کے درمیان ہوگی۔ واضح رہے کہ فون بغیر پیکنگ اور اضافی سامان کے ہونا چاہیے۔

نئے موبائل فونز پر اطلاق ہوگا یا نہیں؟

یہ سہولت صرف پرانے اور استعمال شدہ موبائل فونز کے لیے ہے، جبکہ نئے موبائل فونز پر ٹیکس اور کسٹمز ویلیوز پہلے کی طرح برقرار رہیں گی۔ صارفین پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر موجود ٹیکس کیلکولیٹر کے ذریعے اپنے فون پر عائد اندازاً ٹیکس معلوم کر سکتے ہیں۔

ماہرین کی رائے

موبائل فون مارکیٹ سے وابستہ ماہرین کے مطابق کسٹمز ویلیوز میں کمی کا براہِ راست اثر مارکیٹ قیمتوں پر پڑے گا، کیونکہ زیادہ تر مہنگے اسمارٹ فونز، خاص طور پر آئی فون اور سام سنگ کے ماڈلز، بیرونِ ملک سے استعمال شدہ یا اوپن باکس حالت میں درآمد کیے جاتے ہیں۔

تاجروں کے مطابق اس فیصلے کے بعد آئی فون 13، 14 اور 15 سیریز سمیت سام سنگ S22 اور S23 سیریز کے فونز کی قیمتوں میں 20 ہزار سے 50 ہزار روپے تک کمی متوقع ہے، جبکہ بعض مہنگے ماڈلز پر مجموعی ٹیکس میں 30 سے 70 ہزار روپے تک کمی آ سکتی ہے، خصوصاً پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹریشن کی صورت میں۔

ان کے مطابق آئی فون 15 سیریز پر پی ٹی اے ٹیکس اب تقریباً 31,640 روپے (پاسپورٹ) اور 34,101 روپے (شناختی کارڈ) تک رہ گیا ہے۔

مارکیٹ میں کمی کب نظر آئے گی؟

ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین کو اس فیصلے کا مکمل فائدہ ایک سے دو ماہ میں ملے گا، کیونکہ مارکیٹ میں موجود پرانا اسٹاک پہلے سے زیادہ کسٹمز ویلیوز پر کلیئر کیا گیا ہے۔ جیسے ہی نیا اسٹاک کم ویلیوز پر آئے گا، قیمتوں میں واضح کمی نظر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے غیر قانونی درآمد اور اسمگلنگ کی حوصلہ شکنی ہوگی اور قانونی موبائل فون مارکیٹ کو فروغ ملے گا۔ تاہم کسی بھی موبائل فون کی حتمی قیمت اس کی کنڈیشن، بیٹری ہیلتھ، پی ٹی اے رجسٹریشن اور دکاندار کے منافع پر منحصر ہوگی، جس کے باعث مختلف دکانوں پر 10 سے 15 ہزار روپے تک فرق ممکن ہے۔

ماہرین کے مطابق مجموعی طور پر یہ فیصلہ صارفین کے لیے مثبت اور فائدہ مند ثابت ہوگا اور استعمال شدہ موبائل فونز کی مارکیٹ میں ایک بار پھر بہتری آئے گی۔
مزید پڑھیں: امریکا میں نجی طیارہ گر کر تباہ، 8 افراد سوار تھے

یہ بھی پڑھیں