حکومت نے پیٹرول(Petrol) اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی، جبکہ پیٹرولیم لیوی میں بھی بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 41 روپے 80 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 318 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل 21 روپے 7 پیسے سستا ہونے کے بعد 265 روپے 84 پیسے فی لیٹر پر آ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر عائد پیٹرولیم لیوی میں اضافہ کر دیا ہے۔ پیٹرول پر لیوی 13 روپے 91 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی جس کے بعد مجموعی شرح 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 42 روپے 60 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈیزل پر فریٹ مارجن میں 9 روپے 38 پیسے فی لیٹر کمی کر دی گئی، جس کے بعد نئی شرح 7 روپے 75 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وفاقی حکومت نےبےنظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبوں کے حوالے کرنے پر غور شروع کردیا
نوٹیفکیشن کے مطابق فضائی جہازوں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ کیا گیا ہے اور یہ 53 روپے 11 پیسے فی لیٹر مہنگا کر دیا گیا ہے۔
توانائی ماہرین کے مطابق حکومت نے عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ اور ریونیو اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ لیوی میں اضافے سے حکومتی آمدن میں اضافہ ہوگا جبکہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں میں کمی سے بعض صارفین کو جزوی ریلیف مل سکتا ہے۔

