دعا اور صدقے کی اثر پذیریاسلام میں تقدیر کا تصور ایک نہایت گہرائی اور حکمت پر مبنی حقیقت ہے، جو اللہ تعالیٰ کی قدرت، علم اور ارادے کا مظہر ہے۔ انسانی عقل تقدیر کی وسعت کو پوری طرح نہیں سمجھ سکتی، مگر قرآن اور احادیث میں ہمیں اس کے بارے میں رہنمائی ملتی ہے، جس سے ہم تقدیر کے پیچیدہ فلسفے کو کسی حد تک سمجھ سکتے ہیں۔ یہ تصور ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی حصہ ہے اور زندگی میں پیش آنے والی ہر خوشی، غم، مصیبت اور نعمت اللہ کی مرضی اور فیصلہ سے وقوع پذیر ہوتی ہے۔ تقدیر کے متعلق اکثر یہ سوالات اٹھائے جاتے ہیں کہ ’’کیا دعا یا صدقہ تقدیر کو بدل سکتے ہیں؟‘‘ اور ’’کیا تقدیر کی مختلف قسمیں ہیں؟‘‘۔ ان سوالات کے جوابات قرآن اور احادیث میں موجود ہیں، جو ہمیں اس موضوع پر غور و فکر کرنے اور اپنی عملی زندگی میں ان تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ترغیب دیتے ہیں۔*تقدیر کے متعلق قرآن و حدیث کی تعلیمات: *اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتا ہے:
کوئی مصیبت زمین میں یا تمہاری جانوں میں نہیں پہنچتی مگر وہ ایک کتاب میں لکھی ہوئی ہے، اس سے پہلے کہ ہم اسے پیدا کریں۔ بے شک یہ اللہ کے لیے آسان ہے۔(57:22
کہہ دو، ہمیں صرف وہی مصیبت پہنچے گی جو اللہ نے ہمارے لیے لکھی ہے، وہی ہمارا مولا ہے اور مومنوں کو اللہ پر ہی بھروسا کرنا چاہیے۔(9:51)
اور غیب کی کنجیاں اسی کے پاس ہیں، جنہیں اس کے سوا کوئی نہیں جانتا، اور وہ خشکی اور سمندر میں جو کچھ ہے اسے جانتا ہے۔ کوئی پتہ نہیں گرتا مگر وہ اسے جانتا ہے۔(6:59)
حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا، مخلوقات کی تقدیریں آسمانوں اور زمین کی تخلیق سے پچاس ہزار سال پہلے لکھی جا چکی تھیں۔ (صحیح مسلم)
حضرت ابودردا رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کسی کو کوئی غم یا فکر لاحق نہیں ہوتی اور وہ یہ دعا پڑھے: اے اللہ! میں تیرا بندہ ہوں، تیرے غلام کا بیٹا ہوں، اور تیری بندی کا بیٹا ہوں، میری پیشانی تیرے ہاتھ میں ہے تو اللہ اس کے غم و فکر کو دور فرما دیتا ہے۔(مسند احمد)یہ قرآنی آیات اور احادیث ہمارے لیے تقدیر کی حقیقت بیان کرتی ہیں اور اس پر ایمان کی تاکید کرتی ہیں کہ اس کائنات میں ہر چھوٹے بڑے واقعے کا تعلق اللہ تعالیٰ کے علم اور حکمت سے ہے۔ کوئی بھی حادثہ یا نعمت، خواہ وہ زمین میں ہو یا ہماری زندگیوں میں، اللہ کے علم سے باہر نہیں۔ یہ اس بات کی تاکید کرتی ہیں کہ اللہ نے ہر چیز کو پہلے ہی سے ایک کتاب میں لکھ دیا ہے، اور اس کے فیصلے حکمت اور رحمت پر مبنی ہوتے ہیں۔ یہ آیات ہمیں سکھاتی ہیں کہ ہمیں تقدیر پر یقین رکھنا چاہیے اور ہر حال میں اللہ کے فیصلوں کو قبول کرنا چاہیے۔
تقدیر کی قسمیں: علماء کرام نے تقدیر کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے اسے دو اہم قسموں میں تقسیم کیا ہے۔ -1 تقدیرِ مبرم (حتمی تقدیر)یہ وہ تقدیر ہے جو اللہ کے علم میں پہلے سے طے شدہ ہے اور کسی صورت تبدیل نہیں ہو سکتی۔ اسے ’’تقدیرِ مطلق‘‘بھی کہا جاتا ہے۔مثال، موت کا وقت اور جگہ، جسے کوئی دعا یا صدقہ نہیں بدل سکتا۔ -2تقدیرِ معلق(مشروط تقدیر)یہ تقدیر وہ ہے جو انسان کی دعا، اعمالِ صالحہ، یا صدقہ کے ذریعے تبدیل ہو سکتی ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی حکمت اور علم میں شامل ہے کہ بعض آزمائشیں یا مصیبتیں انسان کے نیک اعمال یا دعا سے تبدیل ہو سکتی ہیں ۔مثال:: کسی شخص کی صحت یا مالی حالات دعا یا صدقہ کے سبب بہتر ہو سکتے ہیں۔
دعا اور صدقے کی طاقت: نبی کریم ﷺ نے دعا اور صدقہ کی طاقت اور ان کے تقدیر پر اثر کے بارے میں کئی احادیث میں ذکر فرمایا ہے ۔ ایک حدیث میں آپ ﷺ نے فرمایا:’’دعا تقدیر کو بدل دیتی ہے، اور نیک عمل عمر میں اضافہ کرتا ہے۔‘‘(سنن ترمذی)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ دعا اللہ کی طرف سے کسی آزمائش کو روک سکتی ہے یا بہتر نتائج لا سکتی ہے۔ تاہم، یہ تبدیلی بھی اللہ کے علم میں پہلے سے ہوتی ہے کہ انسان دعا کرے گا اور اس کی تقدیر میں تبدیلی ہو گی۔’’صدقہ مصیبت کو دور کرتا ہے اور بری موت سے بچاتا ہے۔‘‘(جامع الترمذی)
اس حدیث سے یہ واضح ہوتا ہے کہ صدقہ یا خیرات سے انسان کو اللہ کی رحمت اور فضل حاصل ہو سکتا ہے، جو اسے کسی بڑی مصیبت یا پریشانی سے بچا سکتا ہے۔نتیجہ،تقدیر کا بنیادی تصور ایک ہی ہے کہ ہر چیز اللہ کے علم اور قدرت کے تحت ہوتی ہے ، اور انسان کو اس پر کامل ایمان رکھنا چاہیے۔ تقدیر کی دو اقسام، تقدیرِ مبرم اور تقدیرِ معلق، اس کے مختلف پہلوں کو بیان کرتی ہیں۔ مبرم تقدیر میں تبدیلی ممکن نہیں، جبکہ معلق تقدیر انسان کی دعا، اعمالِ صالحہ، صدقہ، اور اللہ کے فیصلے کے تحت بدل سکتی ہے۔یعنی اللہ کی طرف سے آزمائش یا مصیبت کو ختم یا م ہونے کیلئے صدقہ اور دعا ے ذریعہ سے اللہ تعالیٰ کی رحمت امید کی جاسکتی ہے۔دعا اور صدقہ ختم اور ٹل تقدیر کے تحت سی بہی امر کی شدت میں کمی ضرورلت ہے۔ تاہم، ہر چیز اللہ کے علم و حکمت اور رحمت و قدرت کے تحت ہوتی ہے، تقدیر مطلقاً اللہ کے اختیار ، علم و ارادہ اور حمت رحمت و قدرت کا معاملہ ہے۔ ہر مومن کا یہ فرض ہے کہ وہ اللہ پر بھروسہ رکھے اور اس کی تقدیر پر راضی رہے۔ اللہ ہمیں اپنی تقدیر پر راضی رہنے کی توفیق عطا فرمائے، اور ہمیں وہ بصیرت عطا کرے کہ ہم اللہ کے فیصلوں کو اس کی حکمت اور رحمت کا مظہر سمجھ سکیں اور دعا و صدقہ کے ذریعے اپنے معاملات میں بہتری اور خیر و برکت لانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔