ایک بار پھر کراچی میں اسلحہ کی نمائش ہورہی ہے بلکہideas2024 شروع ہوچکی ہے۔جب یہ کالم آپ کی نظر سے گزرے گا تو نمائش تقریباً اپنے اختتامی مراحل سے گزررہی ہوگی۔ آئیڈیاز کا ہرچند تعلق اسلحہ سے ہے‘ جس میں جدید اور روایتی اسلحہ دونوں شامل ہیں۔ لیکن اس ضمن میں پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے یعنی ہتھیارامن کے لئے‘ تاہم اس کے ساتھ ساتھ اس حقیقت کو بھی فراموش نہیں کرناچاہیے کہ بحیثیت پاکستانی قوم اپنے آپ کو دفاعی اعتبار سے مضبوط رکھنا چاہتا ہے ‘ اسلام کا بھی یہی درس ہے۔ یعنی اپنے گھوڑوں کو تیاررکھو۔ ویسے بھی یہ اس حقیقت سے انکار نہیں کیاجاسکتا ہے کہ کسی بھی قوم کی مضبوطی کاتعلق اس کے پاس روایتی اور جدید اسلحہ سے ہے‘ یعنی وہ کس حد تک دشمن کے حملوں کامقابلہ کرنے کی سکت رکھتاہے۔ چنانچہ پاکستان نے روز اول ہی سے اپنے دفاع کو مضبوط بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ اگر کسی بھی جانب سے اس پر حملہ کیاجاتاہے تو وہ اس کا منہ توڑ دواب دینے کی صلاحیت رکھتاہو۔ دوسری طرف یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کو روز اول سے اپنے قریبی ہمسائے سے حملے کا خطرہ رہاہے‘ حالانکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہونے کے ناطے یہ بھی نہیں چاہتاہے کہ اپنے ہمسائیوں سے کسی نہ کسی بہانے سے جنگ کا آغاز کیاجائے ‘ تاہم اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیاجاسکتاہے کہ کوئی بھی ملک اپنے وجود کو برقرار رکھنے کی خاطر اپنے دفاع پر ضروری توجہ دیتاہے۔ پاکستان کی مثال اس ہی زمرے میں آتی ہے۔ پاکستان کو روز اول سے اپنے قریبی پڑوسی بھارت سے حملے کاخطرہ درپیش رہاہے ان دونوں کے درمیان کشمیر کے مسئلہ پر تین سے زیادہ مرتبہ جنگ ہوچکی ہے۔ اس لئے پاکستان کو اپنے جغرافیائی اور سیاسی وجود کو برقرار رکھنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے دفاع کو مضبوط سے مضبوط تر بنانے کی کوشش کرتارہے کیونکہ اس کا پڑوسی ملک بھارت کسی بھی وقت پاکستان کیلئے ایسے مسائل پیدا کرسکتاہے جس کی وجہ سے پاکستان کی سالمیت کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتاہے۔ بلکہ ماضی میں ایسا ہوا بھی ہے۔
اس لئے پاکستان اپنے وجود کو قائم رکھنے اور اس کو ہرگزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر بنانے پر خصوصی توجہ دیتارہتاہے۔ پاکستان میں 2012ء سے کراچی میں اسلحہ کی نمائش ہورہی ہے۔ اس میں عوام کو یہ بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے اپنا اسلحہ خود بنارہاہے بلکہ کچھ اسلحہ برآمد کرکے قیمتی زرمبادلہ بھی کما رہاہے۔ اسلحہ کی نمائش سے ہرگز یہ مطلب نہیں اخذ کرناچاہیے کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک پر حملہ کرکے ان پر قبضہ کرناچاہتاہے۔ ایسا ہرگز نہیں ہے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے‘ وہ اپنے پڑوسی ممالک سمیت دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ پرامن تعلقات استوار کرناچاہتاہے تاکہ امن کی فضاء میں امن کی فاختہ مسلسل پرواز کرتی رہے ۔ ویسے بھی پاکستان نے کبھی بھی کسی ملک پرحملہ نہیں کیا ہے۔ بلکہ اس پر حملہ کیا گیاہے۔ اس کے جغرافیائی حدود کو بدلنے کی کوشش کی گئی ہے۔ لیکن پاکستان کی بہادر افواج اور عوام نے باہم مل کر دشمن کے اس مذموم عزائم کو ناکام بنادیاہے۔ تاہم اس حقیقت سے بھی انکار نہیں کیاجاسکتاہے کہ کسی ملک کاتحفظ فوج ‘ عوام اور جدید اسلحہ کی مدد سے کیاجاتاہے۔پاکستان میں بھی ایسا ہی کچھ ہورہاہے۔پاکستان کا پڑوسی ملک بھارت ہرلحاظ سے پاکستان کا دوست نہیں ہے بلکہ اس نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے اور دولخت کی کوشش کی ہے۔ لیکن پاکستان کے مضبوط دفاع نے اس کی ان سازشوں کو ناکام بنادیاہے۔ ویسے بھی پاکستان ایک پرامن ملک ہے‘ جو اپنے پڑوسی ممالک کے علاوہ دنیا کے تمام ملکوں کے ساتھ پرامن وخوشگوارتعلقات استوار کرنا چاہتاہے بلکہ کئے ہوئے ہے۔ لیکن جدید دنیا میں بعض ممالک کے درمیان تنازعات موجود ہیں جس کے پس منظر میں اپنے آپ کو دفاعی لحاظ سے مضبوط رکھنا اشد ضروری ہے ‘ چنانچہ پاکستان اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتاہے‘ اس کیلئے وہ مقامی طور پر دفاعی ہتھیار بنارہاہے بلکہ بیرونی ممالک سے جدید اسلحہ خرید رہا تاکہ ملک کے دفاع کومضبوط سے مضبوط تر بنایاجاسکے۔ایسا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے بھارت کئی مغربی ممالک سے جدید اسلحہ خریدکر اپنے دفاع کو مضبوط بنارہاہے۔
چنانچہ پاکستان میں اسلحہ کی نمائش کا بنیادی مقصد یہ ہوتاہے کہ پاکستان کو دفاعی اعتبار سے مضبوط سے مضبوط تر بنایاجاسکے تاکہ کوئی بھی دشمن ملک پاکستان کو میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔ ہرچند کہ پاکستان پڑوسی ممالک سمیت ہر ملک کے ساتھ پرامن تعلقات قائم کرنا چاہتاہے بلکہ اس نے ایسا کرکے عملی مظاہرہ بھی کیاہے۔ لیکن جدید دنیا میں بعض ممالک ایسے بھی ہیں جو دوسرے ملکوں پرقبضہ کرناچاہتے ہیں ‘ اس کی ایک مثال اسرائیل ہے جوگزشتہ کئی دہائیوں سے فلسطینیوں کی زمینوں پر قبضہ کئے ہوئے ہے بلکہ طاقت کے زور پر انہیں مسلسل بے گھر بھی کررہاہے۔ اس کا توڑ صرف یہ ہے کہ اس کے توسیع پسندانہ عزائم کو جدید اسلحہ اور انسانی جذبے کے زور سے ختم کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان اپنے طور پر جدید اسلحہ بنارہاہے بلکہ اس کو بیرونی ممالک میں فروخت بھی کررہاہے۔ خدا کاشکرہے کہ اب پاکستان ہرقسم کا اسلحہ بنانے کی صلاحیت رکھتاہے‘ جس میں ٹینک اور ہوائی جہاز بھی شامل ہیں ۔ ہرچند کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور اپنے وسائل عوام کی ترقی کیلئے استعمال کررہا ہے لیکن اس حقیقت سے انکارنہیں کیاجاسکتاہے کہ بعض ممالک پاکستان کے لئے خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ اس لئے پاکستان جدید اسلحہ بنارہاہے تاکہ اپنے دفاع کو مضبوط سے مضبوط تر بنایاجاسکے اور دشمن کے حوصلوں کو پست کیاجاسکے۔ ذرا سوچئے!