قوموں کی زندگی میں کچھ حقیقتیں ایسی ہوتی ہیں جو وقت کے ساتھ بدلتی نہیں بلکہ مزید پختہ ہوتی چلی جاتی ہیں۔اسی طرح کچھ معاشرے ایسے ہوتے ہیں جن کی پہچان ان کے محض جغرافیے سے نہیں بلکہ ان کے اندر دھڑکتی ہوئی تہذیب، صدیوں سے سانس لیتی ثقافت، خاندانوں سے جڑی روایات، محبت، وفاداری، اخلاقی ذمہ داری اور اجتماعی شعور سے بنتی ہے۔یہ وہ سرمایہ ہوتا ہے جو نہ حکومتوں کی آمد و رفت سے متاثر ہوتا ہے اور نہ عالمی سیاست کے اتار چڑھاؤ سے مٹتا ہے۔ یہی وہ پس منظر ہے جس میں اس خطہ ارضی کو دیکھنا چاہیے جس نے تاریخ کی طویل مسافت طے کی ہے۔کبھی یہاں تہذیبوں نے جنم لیا، کبھی روحانیت نے دلوں کو نرم کیا، کبھی فنون نے اظہار کے نئے دروازے کھولے، کبھی آزمائشوں نے اپنا رنگ دکھایامگر ہر دور میں یہاں کے لوگوں کے اندر ایک ایسی معاشرتی حرارت زندہ رہی جس نے نہ صرف انہیں جوڑ کر رکھا بلکہ ان کی شناخت کو بھی مضبوط بنایا۔ نئی ریاست وجود میں آئی تو یہ صرف ایک سیاسی حقیقت نہیں تھی بلکہ ایک تہذیبی تسلسل کا نیا باب بھی تھا۔ یہاں کے لوگوں نے محض ایک وطن حاصل نہیں کیا تھا بلکہ اپنے طرزِ احساس، اخلاقی دائرے، خاندانی رشتوں اور اجتماعی تعلق کو محفوظ رکھنے کی ذمہ داری بھی سنبھالی تھی۔وقت گزرتا گیا، دنیا بدلی، نظریات بدلے، ترقی نے رفتار تیز کی، شہروں نے پھیلاؤ اختیار کیا، دیہات بدلنے لگے، تعلیم اور ٹیکنالوجی نے سوچ کو وسعت دی مگر اس سب کے باوجود یہاں کے معاشرتی ڈھانچے کی روح برقرار رہی۔پاکستان کی شناخت محض ایک سیاسی جغرافیہ نہیں بلکہ ہزاروں سال پر محیط ایک تہذیبی تسلسل، ثقافتی ورثے، روحانی روشنی، اجتماعی شعور اور اخلاقی اقدار کا مضبوط قلعہ ہے۔یہ وہ سرزمین ہے جہاں تاریخ صرف کتابوں میں نہیں بلکہ گلیوں، وادیوں، دریاؤں، میلوں، زبانوں، رسم و رواج اور انسانوں کے لہجوں میں زندہ رہتی ہے۔پاکستان کی ثقافت کا سب سے بڑا حسن اس کا تنوع ہے جو بکھرتا نہیں بلکہ جڑتا ہے، تقسیم نہیں کرتا بلکہ جوڑتا ہے۔پنجاب کی محبت، گرمجوشی، وضع داری، کھلے دل اور کھلے دست کا مزاج، سندھی ثقافت کی اجرک جیسی پہچان، شاہ لطیف بھٹائی کی فکر، امن، برداشت اور انسان دوستی کا پیغام، خیبر پختونخوا کی غیرت، بہادری، روایتی اقدار کی پاسداری اور بے مثال مہمان نوازی، بلوچستان کی وقار بھری سادگی، وسیع دل، حوصلہ، عزم اور خلوص، سرائیکی وسیب کی نرمی، مٹھاس، محبت اور روحانی لطافت، کشمیر کا حسن، وہاں کے لوگوں کا بلند حوصلہ اور شفاف دل، گلگت بلتستان کی برف پوش چوٹیوں جیسی عظمت اور وہاں کی ثقافت کی پاکیزگی یہ سب مل کر ایک ایسی ہمہ گیر قومی تصویر بناتے ہیں جس پر فخر نہ کیا جائے تو اور کیا کیا جائے۔ اسی تنوع کے اندر وحدت، اسی مختلف رنگوں میں ایک ہی شناخت اور اسی تعدد میں ایک مضبوط قومی رشتہ ہماری اصل طاقت ہے۔ پاکستانی ثقافت کا روشن ترین زاویہ اس کی صوفیانہ روایت ہے جس نے اس خطے کو نفرت، شدت پسندی اور تعصب سے نکال کر محبت، رواداری، وسعتِ قلبی اور انسان دوستی کی روشنی دی، داتا گنج بخشؒ ہوں یا بابا فریدؒ، بلھے شاہؒ ہوں یا لعل شہباز قلندرؒ، شاہ لطیف ہوں یا دیگر صوفی بزرگ انہوں نے اس خطے کے دل میں ایسی روشنی رکھی جس نے ہر دور میں نفرت کے اندھیروں کو شکست دی۔یہی وجہ ہے کہ اس قوم نے ہر بحران کے بعد خود کو پھر کھڑا کیا۔ پاکستانی تہذیب کا بنیادی ستون خاندان ہے جہاں والدین کا احترام، بزرگوں کی عزت، رشتوں کی پاسداری، محلے داری کا احساس، مشترکہ خوشیاں، مشترکہ غم، ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کا جذبہ آج بھی زندہ ہے، ہماری ثقافت انسان کو تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ اس کو معاشرے کے ساتھ جوڑتی ہے۔ پاکستان کی ثقافت کا ایک رنگ اس کی زبانیں ہیں، پنجابی، سندھی، پشتو، بلوچی، سرائیکی، کشمیری، براہوی، شینا، بلتی سمیت درجنوں زبانیں نہ صرف بات چیت کا ذریعہ ہیں بلکہ اپنے اندر ادب، شاعری، تاریخ، مزاج، دانش اور احساس کی پوری دنیا سمیٹے ہوئے ہیں۔اسی طرح ہمارے کھانے ثقافت کا اہم حصہ ہیں، بریانی سے سجی تک، نہاری سے قورمے تک، پلاؤ سے قہوہ تک، لسی سے چائے تک، کڑاہی سے روش تک یہ سب صرف کھانے نہیں بلکہ روایات، محبت، میل جول اور خوشی کے اظہار کا ذریعہ ہیں۔شلوار قمیض ہماری قومی پہچان ہے اور ساتھ ہی جدید دنیا کے ساتھ چلتے ہوئے روایت اور جدت کا حسین امتزاج بھی ہماری شناخت کو مضبوط بناتا ہے۔ موسیقی، قوالی، لوک دھنیں، کلاسیکی راگ، غزل، صوفی کلام، ڈرامہ اور فلم پاکستان کی ثقافت کو نہ صرف زندہ رکھتے ہیں بلکہ دنیا کے سامنے اس کا مثبت چہرہ بھی پیش کرتے ہیں۔ پاکستانی تہوار بھی ہماری ثقافت کی زندگی ہیں۔عیدین کی اجتماعی خوشیاں، رمضان کی روحانی فضا، میلاد کی روشنی، صوفی میلوں کی محبت، جشن آزادی کا جوش، علاقائی تہواروں کی رونق، کھیلوں کے میدانوں کی توانائی سب اس معاشرے میں امید، جذبہ، جوش اور یگانگت پیدا کرتے ہیں۔دوسری طرف پاکستان کے لوگ مشکل وقت میں جس طرح اکٹھے ہوتے ہیں وہ ہماری ثقافت کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔زلزلوں سے سیلابوں تک، معاشی مسائل سے قومی بحرانوں تک قوم نے ایک دوسرے کا ہاتھ نہیں چھوڑا۔یہی جذبہ ایثار اور قربانی پاکستان کی اصل پہچان ہے۔آج جب دنیا ثقافتی انتشار، ذہنی دباؤ اور روحانی خلا کا شکار ہے۔پاکستان اپنی ثقافت، اقدار، ادب، روایت، زبان، فن، موسیقی اور محبت سے بھرپور اجتماعی شعور کے ذریعے نہ صرف اپنا تشخص مضبوط بنا سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک مثبت، پر امن اور مضبوط معاشرے کی مثال بھی قائم کر سکتا ہے۔ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ ہم اپنی ثقافت کو ماضی کی تاریخ نہیں بلکہ حال اور مستقبل کی طاقت سمجھیں۔نصاب میں، میڈیا میں، پالیسیوں میں، گھروں میں، اداروں میں، نوجوان نسل کی تربیت میں اپنی ثقافت کو اعتماد کے ساتھ شامل کریں کیونکہ یہی ثقافت ہمیں اتحاد،ہم آہنگی، اعتماد اور آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔پاکستان کا اصل چہرہ یہی محبت، یہی تہذیب، یہی غیرت، یہی رواداری، یہی مہمان نوازی اور یہی ثقافتی شان ہے جسے زیادہ قوت اور زیادہ وقار کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان نہ صرف طاقتور ریاست بلکہ مضبوط تہذیب کے طور پر بھی پہچانا جائے۔ہر پاکستانی کا یہ فرض بنتا ہے کہ اس ورثے کو کمزور نہ ہونے دے اور اسے وقتی مسائل کی گرد میں دفن نہ ہونے دے۔ اسے جدید دور کے ساتھ ہم آہنگ رکھتے ہوئے آئندہ نسلوں تک منتقل کرتارہے کیونکہ یہی وہ داخلی روشنی ہے جو ہمیں تقسیم ہونے سے بچاتی ہے، مشکلات میں حوصلہ دیتی ہے،امید کو زندہ رکھتی ہے اور آنے والے وقت میں بھی ہمیں ایک مہذب، باوقار اور مضبوط معاشرے کے طور پر دنیا کے سامنے کھڑا رکھنے کی ضمانت فراہم کرتی ہے۔پاکستان اپنی ثقافت کے مثبت پہلو کے ذریعے نہ صرف اپنی شناخت مضبوط بنا سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر اپنی جگہ بھی مستحکم کرسکتا ہے۔ ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ ہم اپنی زبانوں، اپنی لوک روایت، اپنی شعری و ادبی میراث، اپنے تہذیبی ورثے اور اخلاقی اقدار کو محض ماضی کی یادگار نہ سمجھیں بلکہ حال کی طاقت بنائیں۔ نصاب سے لے کر میڈیا تک، گھروں سے لے کر ریاستی اداروں تک پاکستانی ثقافت کو اعتماد کے ساتھ پیش کریں تو یہ صر ف ہماری شناخت نہیں بلکہ ہماری ترقی کا زینہ بھی بن سکتی ہے۔ یہی ثقافت ہمیں اتحاد، یگانگت، برداشت اور آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔یہی پاکستان کی اصل خوبصورتی ہے، یہی ہماری اصل طاقت ہے اور یہی وہ مثبت چہرہ ہے جسے دنیا کے سامنے زیادہ قوت، زیادہ اعتماد اور زیادہ وقار کے ساتھ پیش کرنے کی ضرورت ہے۔