Search
Close this search box.
جمعه ,19 جون ,2026ء

انسانیت کا نیا دور

آج انسانیت ایک ایسے تاریخی موڑ پر کھڑی ہے جو محض تکنیکی ترقی نہیں بلکہ انسانی شعور، شناخت، اقدار، تعلقات اور مقصدِ حیات کی ازسرِنو تشکیل ہے۔ یہ دور بجا طور پر جنریشن زیڈ کا دور کہلاتا ہے ایک ایسی نسل جو روایتی معاشرت سے بڑی حد تک منقطع مگر ڈیجیٹل دنیا، رفتار اور مصنوعی ذہانت سے گہرے طور پر وابستہ ہے۔
یہ نسل ڈیجیٹل ماحول میں پیدا ہوئی ہے۔ موبائل فون، انٹرنیٹ، سوشل میڈیا اور الگورتھمز اس کے لیے خارجی اوزار نہیں بلکہ زندگی کا فطری حصہ ہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ کیا انسان اب بھی ٹیکنالوجی کا حاکم ہے یا آہستہ آہستہ اس کا تابع بنتا جا رہا ہے؟
رفتار کی تہذیب اور صبر کا زوال‘اس دور کی سب سے نمایاں علامت رفتار ہے۔ فاسٹ لائف، فاسٹ ٹیکنالوجی، فاسٹ فوڈ اور فاسٹ کمیونیکیشن نے زندگی کے ہر پہلو کو متاثر کیا ہے۔ انتظار، تحمل اور گہرائی جیسی صفات کمزور پڑتی جارہی ہیں۔
جنریشن زیڈ فوری نتائج اور فوری تسکین کی عادی ہو چکی ہے۔ اس کے نتیجے میں ظاہری نمائش، نئی اشیا اور شو لائف کو غیر معمولی اہمیت حاصل ہو گئی ہے، جبکہ اندرونی سکون کم ہوتا جا رہا ہے۔
تیز رفتار محبت اور فوری تسکین کی ثقافت‘ جنریشن زیڈ میں محبت، رشتے اور جذباتی تعلقات بھی ڈیجیٹل رویوں کی طرح تیزی سے شروع ہونے، تیزی سے ختم ہونے اور فوری ردِعمل کی توقع پر قائم ہوتے جا رہے ہیں۔
اس رجحان نے رشتوں کی گہرائی کو متاثر کیا ہے۔ صبر، وابستگی اور قربانی کی جگہ وقتی کشش اور فوری اطمینان نے لے لی ہے، جس کے نتیجے میں تنہائی اور جذباتی خلا بڑھ رہا ہے۔
مصنوعی ذہانت: سہولت یا نیا اقتدار؟ مصنوعی ذہانت اب محض ایک سہولت نہیں رہی بلکہ فیصلوں، تعلیم، روزگار اور سماجی ڈھانچے پر اثر انداز ہو رہی ہے۔ اصل خطرہ مشین کا ذہین ہونا نہیں بلکہ انسان کا اپنی فکری اور اخلاقی ذمہ داری اس کے حوالے کرنا ہے۔
تاریخ گواہ ہے کہ اخلاق سے خالی طاقت ہمیشہ تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔ آج طاقت ڈیٹا اور الگورتھمز کی صورت میں سامنے آ رہی ہے۔
روایت سے دوری: مسئلہ کہاں ہے؟ نئی نسل کو اکثر بے دین یا روایت دشمن قرار دیا جاتا ہے، مگر حقیقت یہ ہے کہ مسئلہ روایت کی پیشکش میں ہے۔ دین کو اکثر خوف، سختی اور جامد اسلوب میں پیش کیا گیا، جبکہ نئی نسل سوال اور فہم کی زبان سمجھتی ہے۔یہ نسل اقدار کی دشمن نہیں بلکہ غیر واضح اور غیر مربوط اقدار سے بیزار ہے۔
روحانیت: انکار نہیں، تلاش‘نئی نسل مکمل طور پر مادیت میں گم نہیں۔ ایک خاموش مگر گہری روحانی جستجو موجود ہے۔ سکون، معنی اور مقصد کی تلاش اس نسل کا بنیادی سوال ہے۔ اگر اس تلاش کو مستند دینی اور روحانی رہنمائی نہ ملی تو یہ خلا سطحی روحانیت سے پر ہو سکتا ہے۔
دین کا نیا امتحان‘دین کا پیغام آج بھی زندہ ہے، مگر امتحان اسلوب کا ہے۔ ایسا دینی خطاب جو عقل، اخلاق اور روح کو نظرانداز کرے، اس دور میں مثر نہیں ہو سکتا۔
خطرہ بھی، موقع بھی‘یہ دور بیک وقت خطرناک بھی ہے اور امید افزا بھی۔ اگر ٹیکنالوجی اخلاق کے تابع ہو جائے تو یہی زمانہ ایک نئی انسانی بیداری کا آغاز بن سکتا ہے۔
اصل سوال یہ نہیں کہ نئی نسل کہاں جارہی ہے، بلکہ یہ ہے کہ کیا ہم اسے صحیح سمت دکھانے کے لیے فکری اور اخلاقی طور پرقبول کرنے کو تیار اور نوجوان نسل کی فکر کے مطابق معاملہ کرنے پر راضی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں