Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

مصنوعی ذہانت کے تناظر میں نوجوانوں کا سفر

ابتداء میں انسان نے زراعت اور کھیتی باڑی ایجاد کی، پھر پہیہ، لہٰذا مقامی اور دور دراز کے لوگوں کے درمیان مواصلات اور تجارت ممکن ہوئی، علمِ ریاضی، فلکیات اور فلسفہ جیسے علوم نے انسان کے ذہن کو جستجو، تنقیدی سوچ اور منطقی تجزیے کی جانب راغب کیا۔صنعتی انقلاب نے مشینری اور توانائی کے نئے نظام متعارف کرائے جس نے محنت کشی اور پیداواریت کی بنیاد رکھی۔ بیسویں صدی میں بجلی اور الیکٹرونکس کی ترقی نے اطلاعاتی انقلاب کو جنم دیا۔ کمپیوٹر کی ایجاد، پھر انٹرنیٹ کی عالمی سطح پر رسائی نے علم، ثقافت، تجارت اورتعلقات کے دائرے بدل ڈالے۔ ہر نئی ایجاد نے نوجوان نسل کو نئے مواقع بھی دیے اور نئے چیلنجز بھی پیش کیے۔انفارمیشن ٹیکنالوجی نے معلومات تک رسائی کو بےپناہ آسان بنایا، کمیونیکیشن کی حدود کو پھیلایا، اقتصادی نظام کو تبدیل کیا اور نوجوانوں کو ایک ایسی ڈیجیٹل دنیا میں داخل کیاجہاں علم، تحقیق اور تخلیق کے نئے دروازے کھل گئے۔ اسی تسلسل میں اکیسویں صدی کے آغازمیں مصنوعی ذہانت کی ترقی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی قوت کو ایک نئے معنوں میں تبدیل کیاجہاں پہلےکمپیوٹر اورانٹرنیٹ نےانسانی معلومات اور کمیونیکیشن کوبڑھایا، وہاں انسانی فیصلہ سازی، ذہنی عمل، مشین لرننگ اور خود سیکھنے والے نظاموں کو شامل کر کے ایک جدید دور کا آغاز کیا۔
مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مثبت پہلوؤں پرنظر ڈالیں تو نوجوانوں کو عالمی علم تک رسائی پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گئی ہے۔ آج کا نوجوان اپنے موبائل، لیپ ٹاپ یا کسی بھی سستی انٹرنیٹ کنکشن کے ذریعے دنیا بھر کے لیکچرز،کورسز، ورکشاپس اورتحقیقی مواد تک رسائی رکھ سکتا ہے۔ آن لائن پلیٹ فارمز، اوپن سورس لرننگ اور دستاویزی مواد نے نوجوانوں کے سیکھنے کے عمل کو روایتی کلاس روم کی حدود سے آزاد کردیا ہے۔ مشین لرننگ اورڈیٹا سائنس جیسے شعبوں میں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو پروان چڑھا سکتے ہیں۔ فری لانسنگ، ریموٹ ورک، گیمنگ ڈویلپمنٹ، ای کامرس، بلاک چین اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ جیسے شعبوں نے نوجوانوں کو نہ صرف اپنے ملک میں رہ کر ورچوئل معیشت سے فائدہ اٹھانے کا موقع دیا بلکہ وہ دنیا بھر کے کلائنٹس کے ساتھ براہِ راست منسلک ہو کر معاشی خود انحصاری حاصل کر رہے ہیں۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں جہاں روایتی صنعتوں اور سرکاری روزگار کے مواقع محدود ہیں وہاں فری لانسنگ اورڈیجیٹل مارکیٹس نےنوجوانوں کو خودانحصاری، معاشی استحکام اور عالمی مقابلےکے قابل بنایا ہے۔ اسی طرح صحت کے شعبے میں بھیAI الگورتھمز ڈاکٹروں کی مدد کررہے ہیں،زراعت میں سینسرز،ڈرونز،ڈیٹا انیلیٹکس اور خودکار نظام فصلوں کی بہتر پیداوار، مٹی اورموسم کی معلومات اور وسائل کے مؤثر استعمال میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔ تعلیمی شعبے میں ذاتی نوعیت کے لرننگ ٹولز اور AI اسسٹنٹس نے استاد اور شاگرد کے روایتی نقشوں کو تبدیل کیا ہے۔ گورننس میں ڈیجیٹلائزیشن اور AI کی مددسے شفافیت، ڈیٹا مینجمنٹ، عوامی خدمات تک آسان رسائی اور منصوبہ بندی ممکن ہو رہی ہے۔ نوجوان محققین اور انٹرپرینیورز اپنے مقامی مسائل کے حل کے لیے AI بیسڈ ایپلیکیشنز اور سروسز تیار کر رہے ہیں۔ مثال کے طور پر ایک نوجوان AI پروگرامر ایسے سسٹمز بنا سکتا ہے جو ٹریفک مینجمنٹ، توانائی کی بچت، شہر کی پلاننگ اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنائیں۔اسی طرح ڈیجیٹل میڈیا میں نوجوانوں کے لیے اظہارِ رائے، تخلیقی تحریر، گرافک ڈیزائن، ویڈیو اور آڈیو پروڈکشن جیسے شعبے ایک نئی تخلیقی دنیا کھول رہے ہیں۔ان مواقع کی بدولت نوجوان نہ صرف مقامی آئیڈیاز بلکہ عالمی سطح پر اپنے فن، خیالات اورحل پیش کرسکتے ہیں۔ مگر یہ تمام مثبت پہلو اُس دوسرے رخ کے ساتھ بھی منسلک ہیں جو مصنوعی ذہانت کے خطرات اور منفی اثرات کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔ سب سے بڑا چیلنج روزگار کا عدم تحفظ ہے کیونکہ AI اور ڈیجیٹل سسٹمز بہت سے روایتی شعبوں میں انسانی محنت کی جگہ لے رہے ہیں۔
یہی تبدیلی نوجوانوں کے لیے ایک دشواری بن سکتی ہے جو کم مہارت یا یک رخی تعلیم رکھتےہیں، اس کی وجہ کچھ لوگوں کا سماجی رویہ،تعلیمی نظام میں کمزوری اور والدین و اساتذہ کی تربیتی نااہلی بھی ہے،کیونکہ نوجوان اکثر صرف ڈگری یا سرٹیفکیٹ کے حصول کو ہی علم کا معیار سمجھتے ہیں اور عملی مہارت، تنقیدی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت پر توجہ نہیں دیتے۔اس کے علاوہ AI پر حد سے زیادہ انحصار نوجوانوں میں تنقیدی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت اور اصل ذہانت کے استعمال کو کمزور کر سکتا ہے کیونکہ جب مشینیں مکمل جوابات فراہم کر رہی ہوں تو انسان خود سوچنے اور دریافت کرنے سے کنارہ کشی اختیار کرلیتا ہے۔ اس کے علاوہ اخلاقی خطرات، فیک نیوز، فیک ویڈیوز، آن لائن دھوکہ دہی اور ڈیجیٹل نگرانی جیسے مسائل نوجوانوں کے لیےذہنی دباؤ، شناخت کے بحران اور اعتماد کی کمی کاباعث بن رہے ہیں، ڈیٹا پرائیویسی اورسائبر سکیورٹی کے خطرات نوجوان نسل کو غیر محسوس انداز میں متاثر کر رہے ہیں۔ یہی وہ مقام ہے جہاں حکومت کا کردارفیصلہ کن بن جاتا ہے۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کو محض نجی ٹیکنالوجی نہ رہنے دے بلکہ اسے قومی ترقی کے فریم ورک میں شامل کرے۔حالیہ برسوں میں حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل پاکستان کے پروگرام، آئی ٹی ایکسپورٹس کی حوصلہ افزائی، نوجوانوں کے لیے ای روزگار مہم، نیشنل AI پالیسی اور ٹیک اسکلز کی ڈیولپمنٹ پروگرامز جیسے اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست اس چیلنج کو سمجھ چکی ہے اور عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جامعات اور کالجز میں کمپیوٹر سائنس، ڈیٹا انالیسز، مشین لرننگ اور AI سے جڑے شعبوں کا فروغ، نوجوانوں کے لیے ٹیکنالوجی انکیوبیشن سینٹرز، اسکل ٹریننگ ورکشاپس، فری لانس ٹریننگ اورسرکاری خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن مثبت پیش رفت ہیں جنہوں نے نوجوانوں کو AI اور IT کے شعبوں میں حصہ لینے کے مواقع دیے ہیں۔ تاہم حقیقت یہ بھی ہے کہ پالیسی اور عملدرآمد کے درمیان فاصلہ اب بھی موجود ہے۔مصنوعی ذہانت نہ تو مکمل نجات دہندہ ہے اور نہ ہی مکمل خطرہ، یہ ایک آلہ ہے جس کا انجام اس کے استعمال پر منحصر ہے۔اگر نوجوان تنقیدی سوچ، اخلاقی شعور اور تخلیقی اعتماد کے ساتھ AI کو اپنائیں اور حکومت واضح سمت، شفاف پالیسی، مساوی مواقع اورمضبوط قانونی فریم ورک فراہم کرےتو یہی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور AI پاکستان کے نوجوانوں کے لیے بے روزگاری، پسماندگی اور مایوسی کا سبب بننے کی بجائے ترقی، خود اعتمادی، سماجی شمولیت اور عالمی شناخت کا ذریعہ بن سکتی ہے اور یہی وہ راستہ ہے جو نوجوانوں کو مستقبل کا معمار بنا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں