عصرِ حاضر کو اگر معلومات کا عہد کہا جائے تو یہ غلط نہ ہوگا کیونکہ آج انسان کے ہاتھ میں موجود موبائل فون محض رابطے کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک پوری دنیا، ایک مکمل ابلاغی نظام اور ایک طاقتور ذریعہ اثر بن چکا ہے، مگر اسی تیز رفتار معلوماتی انقلاب کے ساتھ ایک سنگین مسئلہ بھی جنم لے چکا ہے جسے ہم فیک نیوز یا جھوٹی خبروں کے نام سے جانتے ہیں۔ یہ وہ مسئلہ ہے جو نہ صرف فرد کی سوچ کو متاثر کرتا ہے بلکہ معاشروں، ریاستوں اور عالمی امن تک کو ہلا کر رکھ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ماضی میں خبر کی ترسیل محدود ذرائع تک تھی، اخبارات، ریڈیو اور ٹیلی وژن جیسے ادارے خبر کو جانچنے، پرکھنے اور ادارتی ذمہ داری کے ساتھ پیش کرتے تھے لیکن ڈیجیٹل میڈیا، سوشل میڈیا اور شہری صحافت کے فروغ نے خبر کے دروازے سب کے لیے کھول دئیے۔اب ہر شخص رپورٹر ہے، ہر فرد ایڈیٹر ہے اور ہر ہاتھ میں موجود اسکرین ایک نیوز روم کی صورت اختیار کر چکی ہے۔ یہی آزادی جہاں اظہارِ رائے کا حسن ہے وہیں فیک نیوز کے پھیلاؤ کی بنیادی وجہ بھی بن چکی ہے۔فیک نیوز محض غلط معلومات کا نام نہیں بلکہ یہ ایک منظم عمل بھی ہو سکتا ہے جس کا مقصد عوامی رائے کو گمراہ کرنا، سیاسی مفادات حاصل کرنا، سماجی خلفشار پیدا کرنا یا کسی فرد، ادارے یا ریاست کو نقصان پہنچانا ہوتا ہے۔ یہ وہ مقام ہے جہاں ایک عام شہری کی ذمہ داری ایک صحافی جتنی اہم ہو جاتی ہے کیونکہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ایک غلط پیغام چند منٹوں میں ہزاروں لوگوں تک پہنچ کر حقیقت کا لبادہ اوڑھ لیتا ہے اور بعد میں اس کی تردید بھی اتنی ہی مشکل ہو جاتی ہے۔فیک نیوز کی اقسام کو سمجھنا اس کی جانچ پڑتال کے لیے پہلا قدم ہے۔ بعض فیک نیوز مکمل طور پر جھوٹی ہوتی ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں ہوتی، بعض آدھی سچائی پر مبنی ہوتی ہیں جہاں اصل خبر کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جاتا ہے، بعض خبریں پرانی ہوتی ہیں مگر انہیں نئے واقعے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔
بعض تصاویر اور ویڈیوز سیاق و سباق سے ہٹا کر یا ایڈیٹنگ کے ذریعے اس انداز میں پیش کی جاتی ہیں کہ وہ ایک بالکل مختلف کہانی بیان کرنے لگتی ہیں، اسی طرح طنز یا مزاح کے طور پر لکھی گئی تحریریں بھی اکثر لوگ سنجیدگی سے لے کر پھیلا دیتے ہیںجو بعد میں فیک نیوز کی شکل اختیار کر لیتی ہیں۔حقائق کی جانچ پڑتال یا فیکٹ چیکنگ دراصل ایک منظم اور ذمہ دارانہ عمل ہے جس کا مقصد کسی بھی خبر، دعوے یا معلومات کی صداقت کو پرکھنا ہوتا ہے۔ یہ عمل صرف صحافیوں تک محدود نہیں بلکہ ہر باشعور شہری کے لئے ناگزیر ہو چکا ہے۔ فیکٹ چیکنگ کا سب سے بنیادی اصول یہ ہے کہ کسی بھی خبر پر فوری یقین کرنے کے بجائے رک جانا چاہیئے ، خبر کو پڑھا جائے، اس کے ماخذ کو دیکھا جائے اور یہ سوال کیا جائے کہ یہ معلومات کہاں سے آئی ہیں، اکثر فیک نیوز ایسے ذرائع سے آتی ہیں جو غیر معروف ہوتے ہیں یا جن کا کوئی معتبر ریکارڈ موجود نہیں ہوتا، اس لیے خبر کے سورس کو جانچنا نہایت ضروری ہے۔ایک اہم اصول یہ بھی ہے کہ خبر کو مختلف ذرائع سے کراس چیک کیا جائے، اگر کوئی خبر واقعی اہم اور سچی ہے تو امکان یہی ہوتا ہے کہ معتبر قومی یا بین الاقوامی میڈیا ادارے بھی اسے رپورٹ کر رہے ہوں گے، اگر خبر صرف ایک ہی ویب سائٹ، ایک فیس بک پیج یا ایک واٹس ایپ فارورڈ تک محدود ہے تو اس پر شک کرنا فطری ہونا چاہیے۔ اسی طرح خبر کی زبان اور انداز بھی بہت کچھ بتا دیتا ہے، فیک نیوز اکثر جذباتی زبان، اشتعال انگیز سرخیوں اور خوف یا نفرت کو ابھارنے والے الفاظ پر مشتمل ہوتی ہیں، کیونکہ ان کا مقصد سوچے سمجھے بغیر ردعمل حاصل کرنا ہوتا ہے۔تصاویر اور ویڈیوز کے معاملے میں احتیاط اور بھی زیادہ ضروری ہے ۔آج کے دور میں ڈیجیٹل ایڈیٹنگ اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے ایسی تصاویر اور ویڈیوز تیار کی جا سکتی ہیں جو بظاہر بالکل حقیقی محسوس ہوتی ہیں۔ ریورس امیج سرچ جیسے طریقے اس ضمن میں نہایت مددگار ثابت ہو سکتے ہیں، کسی تصویر کو سرچ انجن میں ڈال کر یہ دیکھا جا سکتا ہے کہ آیا وہ تصویر پہلے کسی اور تناظر میں استعمال ہو چکی ہے یا نہیں۔اسی طرح ویڈیو کے حوالے سے بھی یہ جانچنا ضروری ہے کہ وہ کب اور کہاں کی ہے کیونکہ اکثر پرانے واقعات کی ویڈیوز کو نئے حالات سے جوڑ کر گمراہ کن بیانیہ بنایا جاتا ہے۔اعداد و شمار اور حوالہ جات بھی فیک نیوز کا ایک اہم ہتھیار ہوتے ہیں۔ جھوٹی خبریں اکثر غیر واضح یا مبالغہ آمیز اعداد و شمار پیش کرتی ہیں یا ایسے مطالعات کا حوالہ دیتی ہیں جو حقیقت میں موجود ہی نہیں ہوتے۔ اس لیے کسی بھی دعوے میں دیے گئے نمبرز، رپورٹس یا تحقیقی حوالہ جات کو اصل ذرائع سے جانچنا بے حد ضروری ہے، اگر کسی خبر میں کہا جائے کہ‘‘ماہرین کے مطابق’’یا‘‘تحقیق سے ثابت ہوا ہے’’تو یہ جاننا ضروری ہے کہ وہ ماہرین کون ہیں اور وہ تحقیق کہاں شائع ہوئی ہے۔
فیک نیوز کے پھیلاؤ میں سوشل میڈیا الگورتھمز کا کردار بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، یہ الگورتھمز ایسے مواد کو زیادہ فروغ دیتے ہیں جو زیادہ لائکس ، شیئرز اور کمنٹس حاصل کرے اور چونکہ جذباتی اور سنسنی خیز مواد زیادہ ردعمل پیدا کرتا ہے، اس لئے فیک نیوز اکثر وائرل ہو جاتی ہیں، اس صورتحال میں صارفین کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ وہ شیئر کرنے سے پہلے سوچیں، کیونکہ ہر شیئر ایک زنجیر کا حصہ بن کر جھوٹ کو مضبوط کر سکتا ہے۔تعلیمی اور سماجی سطح پر میڈیا لٹریسی کا فروغ فیک نیوز کے خلاف سب سے مؤثر ہتھیار ہے، میڈیا لٹریسی کا مطلب یہ ہے کہ افراد کو یہ سکھایا جائے کہ میڈیا کے مواد کو کس طرح سمجھا، پرکھا اور تجزیہ کیا جائے، اسکولوں، جامعات اور سماجی اداروں میں اگر یہ شعور پیدا کیا جائے کہ ہر دیکھی، سنی یا پڑھی جانے والی بات سچ نہیں ہوتی تو معاشرہ مجموعی طور پر زیادہ مضبوط اور باشعور بن سکتا ہے۔بدقسمتی سے ہمارے ہاں اکثر تعلیم محض نصابی کتابوں تک محدود رہتی ہے اور عملی زندگی میں درکار تنقیدی سوچ کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے۔ریاستی سطح پر بھی فیک نیوز ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے کیونکہ یہ قومی سلامتی، سماجی ہم آہنگی اور جمہوری عمل کو متاثر کر سکتی ہے۔ انتخابات کے دوران فیک نیوز کا استعمال، نفرت انگیز مہمات اور غلط معلومات کا پھیلاؤ دنیا بھر میں ایک تسلیم شدہ مسئلہ ہے۔اس لیے کئی ممالک نے فیک نیوز کے خلاف قوانین اور فیکٹ چیکنگ ادارے قائم کیے ہیں، تاہم یہاں ایک نازک توازن برقرار رکھنا ضروری ہے تاکہ فیک نیوز کے نام پر آزادیٔ اظہار کو سلب نہ کیا جائے۔آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ فیک نیوز کا مقابلہ کسی ایک ادارے، حکومت یا قانون کے بس کی بات نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی جدوجہد ہے، جس میں صحافی، اساتذہ، طلبہ، والدین اور سوشل میڈیا صارفین سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سچ کی تلاش ایک مشکل مگر ضروری سفر ہے اور اس سفر میں تنقیدی سوچ، تحقیق اور ذمہ داری ہمارے سب سے مضبوط اوزار ہیں، اگر ہم نے جھوٹ کو پہچاننا سیکھ لیا اور بغیر سوچے سمجھے اسے پھیلانے سے انکار کر دیا تو یہی رویہ ایک صحت مند، باشعور اور مضبوط معاشرے کی بنیاد بن سکتا ہے جہاں خبر محض سنسنی نہیں بلکہ شعور کا ذریعہ ہو اور معلومات طاقت بن کر تباہی نہیں بلکہ تعمیر کا سبب بنیں۔