تاریخ عالم اس حقیقت کی گواہ ہےکہ ریاستوں کی اصل طاقت صرف اسلحے، فوجی تعداد یا بلند دعوئوں میں نہیں بلکہ اس بصیرت میں پوشیدہ ہوتی ہے جو انہیں بدلتے ہوئے حالات کا ادراک دے اور اس حکمتِ عملی میں جو انہیں بیک وقت کئی چیلنجز کا سامنا کرنے کے قابل بنائے۔برصغیر کی سیاسی و عسکری تاریخ اس امرکی عکاس ہے کہ جو قوتیں وقتی جوش یا یک رخی پالیسیوں کا شکار ہوئیں بالآخرانہیں خاموشی سے پسپائی اختیار کرنا پڑی جبکہ وہ ریاستیں جو تدبر، توازن اور پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ آگے بڑھیں انہوں نے نہ صرف اپنے مفادات کا تحفظ کیابلکہ خطے میں اپنا وزن بھی برقرار رکھا۔ اسی تناظر میں لداخ کے محاذپرسامنے آنےوالی حالیہ صورتحال ایک نہایت اہم تزویراتی مثال کےطور پر ابھرتی ہےجسے مبصرین نےبجا طور پر ”خاموش پسپائی” قراردیاہےکیونکہ یہ کوئی عام سرحدی تبدیلی نہیں بلکہ ایک ایساواقعہ ہےجس نےایک بڑی علاقائی طاقت کی دفاعی حکمتِ عملی، اس کی ترجیحات اور اس کی عملی صلاحیتوں کو بےنقاب کردیا ہے۔ڈیفنس سیکورٹی ایشیاء (2026)کی رپورٹس کے مطابق، جب بھارت ’’معرکہ حق‘‘ میں مصروف تھاتو اس نےعملًا ڈیپ سانگ کے علاقے میں 900مربع کلومیٹر رقبہ چین کے حوالےکردیا۔ اس ’’خاموش پسپائی‘‘نے بھارتی فوج کی دو محاذوں پر دبائو سنبھالنے میں ناکامی کو بے نقاب کر دیا، جس سے اس کی عالمی ساکھ مزید کمزور ہو گئی۔ یہ پیش رفت نہ تو کسی بڑے اعلان کا حصہ بنی اور نہ ہی فوری طور پر عوامی سطح پر اس کی شدت کو اجاگر کیا گیامگر عالمی تجزیہ کاروں نے اسے ایک بڑی تزویراتی لغزش کے طور پر دیکھا جس نے یہ واضح کردیاکہ بیک وقت دو محاذوں پر دبائو کو سنبھالنا کسی بھی ریاست کے لیے کتنا پیچیدہ مرحلہ ہوتا ہے، خصوصاً اس وقت جب داخلی سطح پر ہم آہنگی کمزور ہو اور خارجہ پالیسی میں تسلسل کا فقدان ہو۔اس واقعے نے اس بنیادی اصول کو ایک بار پھر اجاگر کیا کہ جدید جنگیں محض روایتی عسکری قوت کا امتحان نہیں بلکہ ذہانت، پیشگی منصوبہ بندی، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور بروقت فیصلوں کا مجموعہ ہوتی ہیں۔ اس پس منظر میں اگر پاکستان کے کردار کا تجزیہ کیا جائے تو ایک نسبتا مختلف اور زیادہ مربوط تصویر سامنے آتی ہے جہاں ریاستی ادارے ایک مشترکہ قومی مفاد کے تحت کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
پاکستان نے گزشتہ چند برسوں میں جن چیلنجز کا سامنا کیا ان میں معاشی دبائو، علاقائی کشیدگی اور عالمی سطح پر بدلتے ہوئے اتحاد شامل تھے مگر ان تمام عوامل کے باوجود ایک ایسی پالیسی اپنانے کی کوشش کی گئی جس میں دفاعی تیاری، سفارتی فعالیت اور داخلی استحکام کو ایک دوسرے سے منسلک رکھا گیا۔افواجِ پاکستان نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے یہ تاثر قائم رکھا کہ ملک کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ حکومت نے خارجہ محاذ پر ایک متوازن اور حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ایسے تعلقات کو فروغ دیا جو مشکل حالات میں پاکستان کے لئے معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔یہی ہم آہنگی کسی بھی ریاست کے لیے وہ بنیادی ستون فراہم کرتی ہے جس کے ذریعے وہ بیک وقت مختلف نوعیت کے دبائو کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ لداخ کے واقعے نے اس امر کو بھی واضح کیا کہ اگر کسی ریاست کی توجہ ایک مخصوص محاذ پر حد سے زیادہ مرکوز ہو جائے تو دوسرے محاذ پر خلا پیدا ہو جاتا ہے اور بین الاقوامی سیاست میں خلا کبھی دیر تک خالی نہیں رہتا بلکہ اسے فوری طور پر پر کر دیا جاتا ہے۔یہی صورتحال ڈیپسانگ میں دیکھنے کو ملی جہاں خاموشی سے زمینی حقائق تبدیل ہوئے اور بعد ازاں اس تبدیلی کو ایک بڑی تزویراتی کامیابی کے طور پر پیش کیا گیا۔ اس کے برعکس پاکستان نے اپنی پالیسی میں توازن کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جس کے تحت نہ صرف دفاعی تیاری کو یقینی بنایا گیا بلکہ سفارتی سطح پر بھی ایک فعال کردار ادا کیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ دبائو کو یک طرفہ نہ ہونے دیا جائے۔
جدید دور میں معلوماتی اور نفسیاتی جنگ کی اہمیت بھی بڑھ چکی ہے اور پاکستان نے اس پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے بیانیے کو زیادہ مربوط بنانے کی کوشش کی ہے تاکہ عالمی سطح پر اس کی پوزیشن واضح اور موثر رہے۔یہ حقیقت بھی قابل غور ہے کہ کسی بھی ریاست کی عالمی ساکھ صرف اس کی عسکری طاقت سے وابستہ نہیں ہوتی بلکہ اس کے فیصلوں کی سنجیدگی، اس کے بیانیے کی مضبوطی اور اس کے اداروں کے درمیان ہم آہنگی سے بھی جڑی ہوتی ہے۔ لداخ کی خاموش پسپائی نے جہاں ایک طرف ایک بڑی طاقت کے دعووں اور زمینی حقائق کے درمیان فرق کو نمایاں کیا وہیں دوسری طرف یہ بھی ظاہر کیا کہ تزویراتی غلطیوں کے اثرات صرف سرحدی حدود تک محدود نہیں رہتے بلکہ عالمی سطح پر بھی ریاست کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔ پاکستان کے لیے اس صورتحال میں ایک اہم سبق یہ ہے کہ وہ اپنی موجودہ حکمتِ عملی کو مزید مضبوط کرے اور اس تسلسل کو برقرار رکھے جس کے ذریعے داخلی استحکام، معاشی بہتری اور خارجہ پالیسی کے درمیان توازن قائم رکھا جا سکے، کیونکہ یہی وہ عوامل ہیں جو کسی بھی ریاست کو طویل المدتی استحکام فراہم کرتے ہیں۔ مزید برآں یہ بھی ضروری ہے کہ قومی سطح پر یکجہتی کو فروغ دیا جائے تاکہ کسی بھی بیرونی دبائو کا مقابلہ اجتماعی قوت کے ساتھ کیا جا سکے، پاکستان نے حالیہ برسوں میں اس سمت میں پیش رفت کی ہے اور یہی وجہ ہے کہ اسے ایک ذمہ دار اور سنجیدہ ریاست کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو نہ صرف اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتی ہے بلکہ خطے میں استحکام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ مستقبل کے تناظر میں دیکھا جائے تو لداخ کا واقعہ ایک وارننگ بھی ہے اور ایک موقع بھی۔وارننگ اس لیے کہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ تزویراتی غفلت کس قدر نقصان دہ ہو سکتی ہے اور موقع اس لیے کہ اس سے سیکھ کر اپنی حکمتِ عملی کو مزید موثر بنایا جا سکتا ہے۔ اگر پاکستان اپنی موجودہ پالیسیوں میں تسلسل برقرار رکھتے ہوئے داخلی اور خارجی محاذوں پر توازن قائم رکھتا ہے تو وہ نہ صرف علاقائی سطح پر اپنی پوزیشن کو مستحکم کر سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک قابل اعتماد اور باوقار ریاست کے طور پر ابھر سکتا ہے اور یہی وہ سمت ہے جس میں کسی بھی ذمہ دار ریاست کو آگے بڑھنا چاہیے تاکہ وہ نہ صرف اپنے مفادات کا تحفظ کر سکے بلکہ خطے میں امن، استحکام اور توازن کے قیام میں بھی ایک مثبت کردار ادا کر سکے۔