پاک چین تعلقات کی داستان محض دو ہمسایہ ممالک کے سفارتی روابط کی کہانی نہیں بلکہ یہ اعتماد، اخلاص، قربانی، باہمی احترام اور مشترکہ مستقبل کے خواب کی ایسی تاریخ ہے جس نے جنوبی ایشیاء کی سیاست، معیشت اور ترقی کے دھاروں کو نئی سمت عطا کی۔ دنیا کی تاریخ میں بہت کم مثالیں ایسی ملتی ہیں جہاں دو مختلف تہذیبیں، زبانیں، ثقافتیں اور سیاسی نظام رکھنے والے ممالک اس قدر مضبوط تعلق استوار کریں کہ وقت، حالات، عالمی دبائو ، جنگیں، پابندیاں اور خطے کی کشیدگیاں بھی ان کے تعلقات کی بنیادوں کو ہلا نہ سکیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی کو بجا طور پر ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور فولاد سے زیادہ مضبوط قرار دیا جاتا ہے اور یہ محض ایک سفارتی جملہ نہیں بلکہ ایک ایسی حقیقت ہے جس کا عملی اظہار گزشتہ سات دہائیوں کے ہر مشکل مرحلے پر دیکھنے میں آیا۔ 1951ء میں پاکستان نے عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کیا تو دنیا کے کئی ممالک ابھی تذبذب کا شکار تھے، مگر پاکستان نے اپنی آزاد خارجہ پالیسی کا ثبوت دیتے ہوئے چین کے ساتھ دوستی کی بنیاد رکھی۔ 1963ء میں سرحدی معاہدہ، 1965ء اور 1971 ء کی جنگوں میں چین کی سفارتی حمایت، اقوام متحدہ میں پاکستان کے موقف کی تائید، پاکستان کی جانب سے امریکہ اور چین کے درمیان خفیہ سفارتی رابطے قائم کروانے میں تاریخی کردار اور پھر ہر عالمی فورم پر ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ، یہ سب اس دوستی کے ناقابل فراموش ابواب ہیں۔ وقت گزرتا گیا اور یہ تعلقات صرف دفاعی یا سفارتی شعبوں تک محدود نہ رہے بلکہ تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی، زراعت، انفراسٹرکچر، توانائی اور عوامی روابط تک پھیلتے چلے گئے۔
جب چین نے اپنی عالمی اقتصادی حکمت عملی بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا آغاز کیا تو پاکستان کو اس میں مرکزی حیثیت دی گئی اور یوں چین پاکستان اقتصادی راہداری یعنی سی پیک وجود میں آئی جسے اکیسویں صدی کا سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ قرار دیا جاتا ہے۔ اس عظیم منصوبے کے تحت اب تک تقریباً 25.93 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا چکی ہے، 261,000سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئیں، 510کلومیٹر سے زائد سڑکوں کا جال بچھایا گیا، 886 کلومیٹر طویل پاور ٹرانسمیشن گرڈ تعمیر ہوا جبکہ 8000 میگاواٹ سے زیادہ بجلی قومی نظام میں شامل کی گئی۔ ان منصوبوں کا سب سے بڑا مرکز پنجاب بنا جہاں توانائی، ٹرانسپورٹ اور صنعتی ترقی کے کئی عظیم منصوبے مکمل ہوئے اور صوبے کی معاشی و سماجی زندگی میں نمایاں تبدیلیاں آئیں۔ پنجاب جو پاکستان کی آبادی، زراعت، صنعت اور سیاسی اہمیت کا مرکز سمجھا جاتا ہے، طویل عرصے تک توانائی بحران، ٹریفک مسائل، صنعتی سست روی اور انفراسٹرکچر کی کمی جیسے چیلنجز سے دوچار رہا۔ پاک چین تعاون نے ان مسائل کے حل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ ساہیوال کول پاور پلانٹ اس تعاون کی ایک روشن مثال ہے۔ 1320 میگاواٹ صلاحیت کے اس منصوبے پر تقریبا 1.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی اور سپر کریٹیکل ٹیکنالوجی کے ذریعے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا گیا۔ اسی طرح کروٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 720 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہا ہے جو تقریبا پچاس لاکھ افراد کی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ سالانہ 3.5 ملین ٹن کاربن اخراج میں کمی کا باعث بھی بن رہا ہے۔ یہ منصوبہ صرف بجلی کی پیداوار نہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ کی علامت بھی ہے، کیونکہ جدید دنیا میں ترقی اور ماحولیات کے درمیان توازن برقرار رکھنا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔ چین نے پاکستان کو نہ صرف بجلی دی بلکہ صاف اور پائیدار توانائی کے فروغ میں بھی مدد دی۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین پنجاب میں جدید شہری ٹرانسپورٹ کی ایک تاریخی مثال ہے۔ 27کلومیٹر طویل اس منصوبے نے لاہور جیسے تاریخی اور گنجان آباد شہر میں ٹرانسپورٹ کا نیا نظام متعارف کروایا۔ پاکستان کی پہلی میٹرو ٹرین ہونے کے ناطے یہ منصوبہ نہ صرف انجینئرنگ کا شاہکار ہے بلکہ شہری زندگی میں آسانی، وقت کی بچت، ماحول دوست سفری سہولت اور جدید شہری ترقی کی علامت بھی ہے۔
گزشتہ پانچ برسوں میں تقریبا ً280ملین مسافروں نے اس سروس سے فائدہ اٹھایا جبکہ اس کے 26 اسٹیشن روزانہ ہزاروں شہریوں کو محفوظ، آرام دہ اور سستی سفری سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ لاہور جیسے شہر میں جہاں ٹریفک جام اور آلودگی بڑے مسائل تھے، وہاں اس منصوبے نے شہری نقل و حرکت کے کلچر کو تبدیل کیا۔ پنجاب میں توانائی کے شعبے میں چین کا تعاون صرف کوئلے یا پن بجلی تک محدود نہیں رہا بلکہ ایٹمی توانائی میں بھی تاریخی پیش رفت ہوئی۔ چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹس C1 سے C4تک مجموعی طور پر 1200میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ چشمہ C-5 منصوبہ مستقبل کی توانائی ضروریات پوری کرنے کی سمت ایک اور اہم قدم ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے سالانہ 3.14 ملین ٹن کوئلے کے استعمال میں کمی اور 8.16 ملین ٹن کاربن اخراج میں کمی واقع ہو رہی ہے، جو تقریباً سات کروڑ درخت لگانے کے برابر ماحولیاتی فائدہ ہے۔ اسی طرح مٹیاری لاہور HVDC ٹرانسمیشن لائن 886 کلومیٹر طویل ایک جدید منصوبہ ہے جس کی صلاحیت 4000 میگاواٹ ہے۔ یہ منصوبہ سندھ سے پنجاب تک بجلی کی موثر ترسیل ممکن بناتا ہے اور قومی گرڈ کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ چین نہ صرف پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ کار بن چکا ہے بلکہ جولائی 2025ء سے فروری 2026 ء تک پاکستان میں آنے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا 53.2 فیصد حصہ چین نے فراہم کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کی بلند ترین سطح کی عکاسی کرتا ہے۔ تجارت کے میدان میں بھی چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم 25ارب ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے۔ پنجاب کی صنعتوں، ٹیکسٹائل سیکٹر، زرعی شعبے، انفارمیشن ٹیکنالوجی، چھوٹے کاروبار اور تعمیراتی صنعت کو اس تعاون سے بے شمار فوائد حاصل ہوئے۔ پاک چین دوستی کی اصل طاقت صرف حکومتی معاہدے نہیں بلکہ عوام کے دلوں میں موجود محبت اور اعتماد ہے۔ آج جب دنیا سیاسی تقسیم، اقتصادی بحرانوں اور علاقائی تنازعات کا شکار ہے، ایسے وقت میں پاک چین تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی کامیاب مثال بن کر سامنے آتے ہیں۔ مغربی طاقتوں نے کئی مرتبہ سی پیک کو متنازع بنانے کی کوشش کی، سیکیورٹی خدشات پیدا کیے گئے، پروپیگنڈا کیا گیا، مگر پاکستان اور چین نے ثابت کیا کہ ان کی دوستی وقتی مفادات پر مبنی نہیں بلکہ ایک طویل المدتی اسٹریٹجک وژن کا حصہ ہے۔ پنجاب میں ہونے والی ترقی اس حقیقت کا عملی ثبوت ہے کہ اگر قیادت میں وژن، عوام میں اعتماد اور دوست ممالک میں اخلاص موجود ہو تو ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ آج لاہور کی میٹرو ٹرین، ساہیوال کا پاور پلانٹ، جدید ٹرانسمیشن لائنیں، ایٹمی توانائی کے منصوبے اور روزگار کے نئے مواقع صرف تعمیراتی ڈھانچے نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیادیں ہیں۔ یہ دوستی صرف آج کی ضرورت نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کی خوشحالی کی ضمانت ہے۔ پاک چین تعاون نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اگر نیت صاف، ارادے مضبوط اور وژن واضح ہو تو ترقی کے خواب حقیقت بن سکتے ہیں اور پنجاب میں ہونے والی یہ تاریخی تبدیلیاں دراصل اسی لازوال دوستی کی روشن تعبیر ہیں۔