میدانِ عرفات کی پاکیزہ اورنورانی فضاؤں میں آج سےچودہ صدیاں قبل گونجنے والے وہ مبارک کلمات محض ایک تاریخی خطاب نہ تھےبلکہ وہ ایک ایسی ہمہ گیر صدائے ہدایت تھے جو زمان و مکان کی حدود سے ماورا ہو کر ہر دور کے انسان کو اس کے حقیقی مقام اور مقصدِحیات کی طرف متوجہ کرتی ہیں۔ رسول اکرمﷺ کا خطبۂ حجۃ الوداع ایک مکمل ضابطۂ حیات،جامع اخلاقی منشور اور ایک دائمی رہنمائی ہے جس کی معنویت ہر گزرتے زمانے کے ساتھ مزید واضح اور تابندہ ہوتی چلی جاتی ہے۔یہ خطبہ ایسے نازک اور فیصلہ کن مرحلے پر ارشاد فرمایا گیا جب نبی کریم ﷺ اپنی ظاہری حیات کے آخری ایام میں تھے۔ اس لحاظ سے یہ محض ایک عمومی خطاب نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک جامع وصیت، ایک آخری نصیحت اورایک ابدی لائحۂ عمل تھا۔ آپ ﷺ نے اس میں دین کے بنیادی اصول اس انداز میں سمو دیئےکہ وہ رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ بن گئے۔ یہی وجہ ہے کہ اس خطبے کی بازگشت ہر اس دل میں محسوس ہوتی ہے جو ہدایت کا طلبگار اور حق کا متلاشی ہو۔
حج 1447ھ کے موقع پر مسجد نبویؐ کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی بن عبدالرحمٰن الحذیفی کے خطاب نے اسی نبوی پیغام کی ایک زندہ جھلک پیش کی۔ اہلِ علم اور صاحبانِ دل نے محسوس کیا کہ گویا وہی دردِ امت، وہی خیرخواہی، وہی دعوتِ تقویٰ اور وہی اصلاحِ انسانیت کا جذبہ ایک نئے اسلوب اور نئے تناظر میں پھر سے جلوہ گر ہو گیا ہو۔ ان کے الفاظ میں سنجیدگی بھی تھی، درد بھی اور ایک مصلحانہ بصیرت بھی۔خطبۂ حجۃ الوداع کا آغاز انسانی جان، مال اور عزت کے تقدس کے اعلان سے ہوتا ہے۔ نبی اکرم ﷺ نے نہایت واضح اور دوٹوک انداز میں فرمایا کہ جس طرح یہ دن، یہ مہینہ اور یہ شہر حرمت والے ہیں، اسی طرح ہر مسلمان کی جان، مال اور عزت بھی حرمت والے ہیں۔ یہ تعلیم اپنے دور کے قبائلی اور انتقامی معاشرے میں ایک عظیم انقلاب سے کم نہ تھی، جہاں انسانی قدر و قیمت کا تعین نسب اور طاقت کی بنیاد پر ہوتا تھا۔ اسلام نے اس تصور کو بدل کر ہر انسان کو ایک بنیادی اور غیر متزلزل وقار عطا کیا۔شیخ الحذیفی نے بھی اسی اصول کو اپنے خطاب میں نہایت مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ انہوں نے امت کو یاد دلایا کہ اسلام کی روح امن، رحمت اور عدل ہے اور جو رویے ظلم، فساد اور خونریزی کو فروغ دیتے ہیں وہ اس دین کی اصل تعلیمات سے متصادم ہیں۔ انہوں نے اس حقیقت پر زور دیا کہ ایک سچا مسلمان وہی ہے جس کے ہاتھ اور زبان سے دوسروں کو امان حاصل ہو۔ موجودہ دور میں جب مسلم معاشرے اندرونی انتشار، فرقہ واریت اور باہمی بداعتمادی کا شکار ہیں، یہ پیغام غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور ایک سنجیدہ فکری تنبیہ بھی۔اسی طرح نبی کریم ﷺ نے نسلی، لسانی اور قبائلی برتری کے تمام تصورات کو جڑ سے اکھاڑتے ہوئے اعلان فرمایا کہ کسی عربی کو عجمی پر، کسی عجمی کو عربی پر، کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت حاصل نہیں، سوائے تقویٰ کے۔ یہ اعلان انسانی تاریخ میں ایک فکری انقلاب کی حیثیت رکھتا ہے، جس نے انسان کو تنگ نسلی دائروں سے نکال کر اخلاقی برتری کے ایک اعلیٰ معیار پر کھڑا کر دیا۔شیخ الحذیفی نے اسی تعلیم کو موجودہ عالمی اور مسلم تناظر میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ آج جن سیاسی، سماجی اور فکری تقسیموں کا شکار ہے، ان کی جڑیں انہی جاہلی تعصبات میں پیوست ہیں جنہیں اسلام نےختم کردیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امت کی اصل قوت اخوتِ اسلامی، اتحادِ قلب اور اطاعتِ الٰہی میں مضمر ہے، نہ کہ رنگ، نسل یا قومیت میں۔ یہ وہی پیغام ہے جو انسان کو ہر طرح کی مصنوعی برتری اور غلامی سے آزاد کر کے صرف اللہ کے سامنے جھکنے کا شعور عطا کرتا ہے۔
خطبۂ حجۃ الوداع میں عبادات اور معاملات کے درمیان ایک گہرا اور ناقابلِ تفریق تعلق بھی واضح کیا گیا۔ نبی اکرم ﷺ نے جہاں نماز، روزہ اور دیگر عبادات کی تاکید فرمائی، وہیں حسنِ سلوک، امانت داری، حقوق العباد اور باہمی خیر خواہی کو بھی دین کا لازمی حصہ قرار دیا۔ اس سے یہ حقیقت عیاں ہوتی ہے کہ اسلام میں عبادت محض چند رسمی اعمال کا نام نہیں بلکہ ایک ہمہ گیر طرزِ زندگی ہے۔
شیخ الحذیفی نے حج کی حقیقت کو بیان کرتے ہوئے اسی پہلو کو نہایت بصیرت کے ساتھ اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حج صرف احرام باندھنے، طواف اور سعی کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ نفس کی اصلاح، دل کی پاکیزگی اور کردار کی تعمیر کا ایک عظیم روحانی سفر ہے۔ اگر کوئی شخص عرفات میں آنسو بہانے کے باوجود اپنی عملی زندگی میں تبدیلی نہ لا سکے تو اس نے حج کی روح کو نہیں پایا۔نبی کریم ﷺ کی سب سے اہم وصیت قرآن و سنت سے مضبوط وابستگی کی تھی۔ آپ ﷺ نے واضح فرمایا کہ جب تک تم ان دونوں کو تھامے رکھو گے، ہرگز گمراہ نہ ہو گے۔ یہ ایک ایسا اصول ہے جو ہر دور کے فکری انتشار، اخلاقی زوال اور سماجی بحران کا واحد اور یقینی حل پیش کرتا ہے۔شیخ الحذیفی نے جدید دور کے چیلنجزخصوصاً نوجوان نسل کو درپیش فتنوں کو سامنے رکھتے ہوئےاس بات پر زور دیا کہ سوشل میڈیا کی یلغار، فکری پراگندگی اور مادیت پرستی کے اس ماحول میں قرآن و سنت سے دوری انسان کو ایک گہرے روحانی خلا میں مبتلا کر دیتی ہے۔ انہوں نے اس خلا سے نجات کا واحد راستہ اسی اصل کی طرف رجوع کو قرار دیا اور اس رجوع کو محض زبانی نہیں بلکہ عملی بنانے کی تلقین کی۔خطبۂ حجۃ الوداع میں سود، ظلم، جاہلی انتقام اور پرانے تعصبات کے خاتمے کا اعلان دراصل ایک ایسے عادلانہ معاشرے کی بنیاد تھا جہاں انصاف، رحمت اور مساوات کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔ یہ محض چند احکام نہیں بلکہ ایک مکمل تہذیبی اور سماجی انقلاب کا نقطۂ آغاز تھا۔شیخ الحذیفی نے اسی اصول کو عصرِ حاضر کے تناظر میں پیش کرتے ہوئے اعتدال، رواداری اور عدل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اختلافِ رائے کو فطری قرار دیا مگر اسے دشمنی، نفرت اور تفریق میں بدل دینے کے رجحان کو اسلامی تعلیمات کے منافی بتایا۔ ان کے خطاب میں امت کے زخموں کا احساس بھی تھا اور ان کے علاج کی طرف واضح رہنمائی بھی۔
آج بھی میدانِ عرفات وہی ہے، کعبۃ اللہ وہی ہے، لبیک کی صدائیں بھی وہی ہیں اور کروڑوں دلوں کی دھڑکنیں اسی مرکز کے گرد گردش کر رہی ہیں۔ زمانے بدل گئے، تہذیبیں بدل گئیں مگر وہ پیغام آج بھی ویسا ہی زندہ ہے جس کے لیے یہ سفر کیا جاتا ہے: اللہ کی بندگی، انسانیت کی خدمت، اخلاق کی تطہیر اور آخرت کی تیاری۔درحقیقت ہر دور کا مؤثر خطبہ وہی ہوتا ہے جو انسان کو اس کے رب سے جوڑ دے، اس کے دل میں خشیتِ الٰہی پیدا کرے اور اسے اس کی ذمہ داریوں کا زندہ شعور عطا کرے۔ اگر امتِ مسلمہ ان تعلیمات کو محض سننے تک محدود رکھنے کے بجائے اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لے تو اخوت، عدل اور رحمت کا وہی نظام دوبارہ قائم ہو سکتا ہے جو نبی رحمت ﷺ نے اس دنیا میں قائم فرمایا تھا، اور جس کی روشنی آج بھی انسانیت کے لیے امید کا سب سے بڑا سرچشمہ ہے۔