Search
Close this search box.
اتوار ,07 جون ,2026ء

سرکاری حج اسکیم کے تحت پاکستانیوں کے حج اخراجات 139 ارب روپے سے تجاوز

اسلام آباد: سرکاری حج اسکیم کے تحت رواں سال ایک لاکھ 19 ہزار 210 پاکستانیوں نے فریضۂ حج ادا کیا، جبکہ مجموعی طور پر 139 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 77 ہزار 743 عازمین نے 40 سے 45 روز پر مشتمل طویل حج پروگرام کا انتخاب کیا۔ یہ تعداد مجموعی سرکاری حج کوٹے کا 65.2 فیصد بنتی ہے۔ لانگ حج پروگرام کے تحت ہر حاجی نے تقریباً 11 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے۔

دوسری جانب 41 ہزار 467 عازمین نے 20 سے 22 روزہ مختصر حج پروگرام کے ذریعے فریضہ حج ادا کیا۔ شارٹ حج پروگرام کا انتخاب کرنے والے عازمین کا تناسب 34.8 فیصد رہا، جبکہ ہر حاجی کے اخراجات تقریباً 12 لاکھ روپے رہے۔

رپورٹ کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 50 ہزار 114 خواتین نے حج کی سعادت حاصل کی، جو مجموعی سرکاری کوٹے کا 43.5 فیصد بنتی ہیں۔ اسی طرح 65 ہزار 182 مرد عازمین نے حج ادا کیا، جن کا تناسب 56.5 فیصد رہا۔

ماہرین کے مطابق اس سال حج کے اخراجات میں اضافے کے باوجود بڑی تعداد میں پاکستانیوں نے سرکاری اسکیم کو ترجیح دی، جس کی وجہ بہتر انتظامات، رہائش، سفری سہولیات اور حکومتی نگرانی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

حج آپریشن کی تکمیل کے بعد وزارت مذہبی امور کی جانب سے آئندہ سال کے لیے بھی انتظامات اور پالیسی سازی پر غور شروع کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں