تہران(نیوزڈیسک) ایرانی خبر رساں ادارے ایرنا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کا صحیح مقام کا تعین نہیں ہوسکا،نامساعد موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں امدادی ٹیمیں اس مقام کا پتہ لگانے تاحال ناکام ہیں ۔
آئی آر آئی بی نیوز کے ایک نمائندے نے اس علاقے سے اطلاع دی جہاں یہ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ واقعہ پیش آیا ہے۔موسم انتہائی خراب ہے، جس کی وجہ سے بچاؤ کی کوششیں بہت مشکل ہو رہی ہیں۔ صدر کے ہیلی کاپٹر کا صحیح مقام ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا۔نئی ریسکیو ٹیمیں اور کچھ کوہ پیما تلاش اور بچاؤ آپریشن میں شامل ہو گئے ۔ خبررساں ادارے کے مطابق موسم سخت سرد ہے، موسم کی خرابی کی وجہ سے ہیلی کاپٹر کی پروازیں ممکن نہیں ہیں جبکہ زمینی سطح پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
سرچ اور ریسکیو ٹیمیں اس مقام پر پہنچ گئی ہیں جہاں یہ شبہ تھا کہ صدر کے ہیلی کاپٹر کو ہنگامی لینڈنگ کرنے پر مجبور کیا گیا تھا، لیکن شدید بارش اور کیچڑ گاڑیوں اور اہلکاروں کیلئے گزرنا مشکل ہورہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر کا ہیلی کاپٹر حادثے کی جگہ اونچے اور پہاڑی علاقے میں ہے ۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر تلاش کرلیا گیا: ایرانی میڈیا
عام گاڑیوں کے ذریعے اس مقام تک رسائی ممکن نہیں ، اس لیے ریسکیو کارکن پیدل جانے پر مجبور ہیں، جس سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی رفتار کم ہو رہی ہے۔ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹرحادثے کا واقعہ اتوار کو مشرقی آذربائیجان صوبے کے شہر ورزقان اور جولفا کے درمیان دزمار جنگل میں اس وقت پیش آیا جب صدر آذربائیجان کے صدر الہام علییف کے ساتھ ایک ڈیم کا افتتاح کرنے کیلئے ایک تقریب سے واپس آ رہے تھے۔دور دراز پہاڑی علاقے میں شدید دھند کے باعث امدادی ٹیموں کو خاصی مشکلات کا سامنا ہے۔

