Search
Close this search box.
جمعرات ,04 جون ,2026ء

جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن، الرٹ جاری

اسلام آباد (اوصاف نیوز) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے ملک بھر میں تین جعلی ادویات کے استعمال اور فروخت پر الرٹ جاری کر دیا۔

ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے جعلی ادویات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ادویات کے مخصوص بیچز کو غیر معیاری اور خطرناک قرار دے دیا۔ ڈریپ کے مطابق یہ ادویات نہ صرف علاج میں ناکام ثابت ہو سکتی ہیں بلکہ انسانی جان کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہیں۔

ریپڈ الرٹ کے مطابق سینٹرل ڈرگ لیبارٹری کراچی اور ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری پنجاب کی رپورٹس میں تکسین درد گولی (بیچ نمبر 091) اور پان نال گولی (بیچ نمبر 01) کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔

تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ ادویات بغیر کسی قانونی اجازت کے لو ہیلتھ کیئر لیب اور حکیم پرانا فارمیسی کراچی کی جانب سے تیار اور فراہم کی جا رہی تھیں۔

اسی طرح معدے کی بیماریوں کے علاج میں استعمال ہونے والے معروف برانڈ ڈوفلاک سیرپ کا بیچ نمبر 251986 بھی جعلی پایا گیا۔ ڈریپ کے مطابق اس شربت کے لیبل پر ایبٹ فارما کینیڈا کا نام درج ہے، تاہم اصل مینوفیکچرر ہینون فارما نے خود کو اس بیچ سے الگ کر لیا ہے۔

ڈریپ نے متنبہ کیا ہے کہ جعلی ادویات کا استعمال علاج کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ مہلک بھی ہو سکتا ہے، اس لیے اتھارٹی نے ریگولیٹری فورس کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر مارکیٹ سے متاثرہ بیچوں کو قبضے میں لے اور غیر قانونی سپلائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

ڈسٹری بیوٹرز اور میڈیکل سٹورز کو بھی مذکورہ ادویات کی فروخت فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ادویات خریدتے وقت بیچ نمبر اور کمپنی کی تصدیق کریں۔
مزید پڑھیں‌:طلبہ کے لیے خوشخبری، مفت بائیکس اور لیپ ٹاپس دینے کا اعلان

یہ بھی پڑھیں