Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

باجوڑ میں وزیرِمملکت مبارک زیب خان کےگھر پر دستی بم سے حملہ

باجوڑ (اوصاف نیوز) باجوڑ میں وزیرِ مملکت مبارک زیب خان کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں گھر کی دیواروں کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ حملہ رات گئے نامعلوم افراد نے کیا، جنہوں نے وزیرِ مملکت کے گھر کی طرف دستی بم پھینک کر موقع سے فرار اختیار کر لیا۔ دھماکے کی شدت سے گھر کی دیواریں متاثر ہوئیں جبکہ قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے حملہ آوروں کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آوروں نے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کارروائی کی، تاہم واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، جس پر اہلِ علاقہ نے سکھ کا سانس لیا۔

وزیرِ مملکت مبارک زیب خان اور ان کے اہلِ خانہ محفوظ ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مزید پڑھیں:جی پی او خودکش حملہ؛وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کاتمام شہداءکوسلام

یہ بھی پڑھیں