لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے متنازع ٹویٹ پر معافی مانگ لی۔
ایکس پر جاری بیان میں نسیم شاہ نے کہا کہ یہ پوسٹ میری سوشل میڈیا ٹیم نے میرے اکاؤنٹ سے پوسٹ کی تھی، اور یہ پوسٹ میرے خیالات کی عکاسی نہیں کرتی۔
نسیم شاہ نے کہا کہ میں اپنے پلیٹ فارم کی مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں، مستقبل میں ایسا نہ ہونے کے لیے ضروری تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
نسیم شاہ نے کہا کہ پلیٹ فارم کے غلط استعمال سے متاثر ہونے والے تمام افراد سے معذرت خواہ ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر نسیم شاہ پر متنازع ٹوئٹ کرنے پر 20 ملین روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ پر پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے 27 مارچ 2026 کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا تھا، جس میں خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نسیم شاہ سے وضاحت طلب کی تھی۔
نسیم شاہ کا جواب موصول ہونے اور جائزہ لینے کے بعد تین رکنی تادیبی کمیٹی نے 30 مارچ کو کیس کی سماعت کی، نسیم شاہ کے موقف کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی نے فیصلہ دیا کہ غیر مشروط معافی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی نسیم شاہ سینٹرل کنٹریکٹ کی متعدد شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں اور ان پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی برطرف کر چکے ہیں جب کہ پی سی بی اس ایڈوائزر کو بھی بلیک لسٹ کر دے گا تاکہ وہ مستقبل میں پی سی بی کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی کھلاڑی کے ساتھ کام نہ کر سکے۔
پی سی بی نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ معیارات، معاہدوں کی پاسداری اور کھیل کی ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں:ذوالفقارعلی بھٹو کی برسی پر عام تعطیل کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری





