باجوڑ (نیوز ڈیسک) باجوڑ کے سرحدی علاقے میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سول آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے گولہ باری کی گئی، جس کے نتیجے میں خاتون اور دو بچوں سمیت ایک ہی گھر کے 3 افراد شہید ہوگئے جبکہ 3 افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ باجوڑ کے سرحدی علاقے کٹ کوٹ کے گاؤں ملک شاہین میں پیش آیا، جہاں بلا اشتعال گولہ باری کے باعث عام شہری نشانہ بنے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے حالیہ دنوں میں شدت پسند گروہ فتنہ الخوارج کی ایک تشکیل کو پاکستان میں داخل کروانے کی کوشش کی جا رہی تھی، تاہم پاک فوج کی بروقت کارروائی کے باعث دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق اس ناکامی کے بعد افغان طالبان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی حدود میں سول آبادی کو نشانہ بنایا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پاک فوج کی جانب سے مؤثر ردعمل دیتے ہوئے باجوڑ سے ملحقہ افغان طالبان کی تمام چوکیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
مزید پڑھیں:متحدہ عرب امارات کوپاکستان کی بڑی ادائیگی،اہم تفصیلات سامنے آگئیں
