اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 26 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو جمع کرادی۔ نیپرا اس درخواست پر کل سماعت کرے گی اور اگر منظور ہو گئی تو اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام صارفین پر ہو گا۔
سی پی پی اے کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے دوران مجموعی طور پر 8 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی جب کہ تقسیم کار کمپنیوں کو 8 ارب 64 کروڑ 40 لاکھ یونٹس فراہم کیے گئے۔ بجلی کی حوالہ قیمت 7 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی۔
مارچ میں مختلف ذرائع سے بجلی حاصل کی گئی جیسا کہ پانی 23.55 فیصد، نیوکلیئر ایندھن 21.95 فیصد، مقامی کوئلہ 16.76 فیصد، درآمدی کوئلہ 13.80 فیصد، مقامی گیس 11.34 فیصد، درآمدی ایل این جی 5.64 فیصد، ایئر 3.46 فیصد، سولر 1.18 فیصد، فرن آئل 1.20 فیصد۔
ماہرین کے مطابق فیول ایڈجسٹمنٹ میں مجوزہ اضافے سے مہنگائی سے متاثرہ افراد پر مزید مالی بوجھ پڑے گا اور اس سے گھریلو اخراجات میں اضافہ متوقع ہے۔
مزید پڑھیں:فینز تیار ہو جائیں، پی ایس ایل 11فائنل ٹکٹ سیل شروع
