(اوصاف نیوز)گوادر فری زون میں قائم چینی کمپنی ہین گینگ ٹریڈ نے پاکستان میں اپنے آپریشنز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے خطے میں سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے حوالے سے نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
کمپنی انتظامیہ کے مطابق غیر مارکیٹ عوامل اور مختلف آپریشنل رکاوٹوں کے باعث فیکٹری کو مزید چلانا ممکن نہیں رہا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی فوڈ سیفٹی (HACCP) معیار پر پورا اترنے کے باوجود برآمدات کی منظوری نہیں دی گئی، جس سے کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایک لاکھ روپے حاصل کرنے کیلیے کیسے اپلائی کریں؟ کون اہل نہیں؟
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین ماہ سے متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل تعاون کے باوجود مسائل حل نہیں ہو سکے، جس کے نتیجے میں کمپنی کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑا۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ گوادر پورٹ اور سی پیک منصوبہ پاکستان کے لیے اہم ہے، تاہم موجودہ حالات میں یہاں کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔ اس نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی دیگر کمپنیوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ پالیسیوں اور ان کے نفاذ کا بغور جائزہ لیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ کمپنی اپنے پاکستانی اور چینی ملازمین کو روزگار فراہم نہ کر سکنے پر معذرت خواہ ہے۔۔ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب وزیر اعظم کے آئندہ دورہ چین کی تیاریاں جاری ہیں، اور کمپنی نے واضح اور قابل عمل پالیسی ماحول فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 2 سے 3 فیصد تک کمی
