لاہور (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا کے ساتھ تین ون ڈے میچوں کی ہوم سیریز کی تیاری کے لیے وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کیمپ کے لیے 25 کھلاڑیوں کو بلائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز، کپتان اور ہیڈ کوچ نے کیمپ کے لیے وائٹ بال پرفارمرز کی فہرست تیار کر لی ہے۔ کیمپ کی تیاری کے لیے وائٹ بال کے کرکٹرز پریکٹس میچز کھیلیں گے، دو پریکٹس میچوں میں سے ایک لاہور اور ایک راولپنڈی میں ہونے کا امکان ہے۔ وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کا کیمپ 15 مئی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں میں صائم ایوب، ابرار احمد، حیدر علی، شاداب خان، سعد بیگ، احمد دانیال، فائق بٹ، فیصل اکرم، حنین شاہ، عامر جمال، خواجہ نافع اور عرفات منہاس کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ اسی طرح سلمان مرزا، سفیان مقیم، عثمان خان، فخر زمان، علی رضا، حارث رؤف، نسیم شاہ، عبدالصمد، معاذ صداقت، مہران ممتاز اور عاکف جاوید کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
ٹیسٹ اسکواڈ میں سفید گیند کے کرکٹرز اس فہرست میں شامل نہیں اور آل راؤنڈر فہیم اشرف اور محمد نواز کا نام بھی اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:میٹرک پاس خواتین کے لیے مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ وظیفہ حاصل کرنے کا سنہری موقع
