نیویارک(نیوز ڈیسک)امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملے روکنے پر اتفاق کر لیا ہے اور اسی ہفتے ملاقات کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق دونوں فریقوں کے درمیان منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ملاقات متوقع ہے، جہاں آبنائے ہرمز سے متعلق تنازع سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تمام شعبوں پر تکنیکی مذاکرات بھی جاری رہیں گے۔ دونوں ممالک کشیدگی میں کمی لانے کے لیے اقدامات کریں گے تاکہ بحری جہازوں کی آزادانہ آمد و رفت یقینی بنائی جا سکے۔
اس سے قبل اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا نے ایران میں ایک بار پھر حملے کیے ہیں جن میں میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور ساحلی ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی ایران کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے جواب میں کی گئی ہے، امریکی فضائیہ نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے والے مقامات اور ساحلی ریڈار سائٹس پر حملے کیے ، انہوں نے جنگ بندی معاہدے کی دوبارہ خلاف ورزی کی ہے، یہ ممکن ہے کہ وہ کبھی نہیں سیکھیں گے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا مستقبل میں مزید کارروائی بھی کر سکتا ہے، ایسا وقت بھی آ سکتا ہے جب ہم مزید تحمل نہیں دکھا سکیں گے اور ہمیں وہ کام فوری طور پر مکمل کرنا پڑے گا جس کی ہم نے بہت کامیابی سے ابتدا کی ہے، اگر ایسا ہوا تو ایران کا وجود باقی نہیں رہے گا۔
مزید پڑھیں۔موبائل فونز کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کی کمی کا امکان



