Search
Close this search box.
پیر ,29 جون ,2026ء

پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔وفاقی وزارت داخلہ کے مطابق بغیر درست ویزے کے رہائش پذیر افراد کو 10 جولائی سے گرفتار کیا جائے گا۔

اس حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چیف سیکریٹریز جبکہ چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی باضابطہ خطوط ارسال کر دیے ہیں۔

خط میں ہدایات دی گئی ہیں کہ ویزے کی مدت ختم ہونے اور اوور اسٹے کرنے والے افغان شہریوں کی ڈی پورٹیشن میں تیزی لائی جائے، مزید کہا گیا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ضروری ہدایات جاری کر کے فیصلے پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ 11 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ ارسال کی جائے، اس رپورٹ میں بغیر ویزے کے گرفتار افغان شہریوں کی تعداد اور کی گئی کارروائی اور ان کی موجودہ حیثیت کی تفصیلات شامل ہوں۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ غیرقانونی غیرملکیوں کی وطن واپسی کے پلان کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا۔

یاد رہے کہ پاکستان پہلے بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں خصوصاً افغان شہریوں کی واپسی کا عمل جاری ہے اور ماضی میں بڑی تعداد میں افغان شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایات دی گئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق پاکستان نے اس سے قبل مغربی ممالک خصوصاً امریکا پر زور دیا تھا کہ وہ ان افغان شہریوں کی بروقت آبادکاری یقینی بنائیں، بصورت دیگر انہیں واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد بڑی تعداد میں افغان شہری پاکستان منتقل ہوئے تھے، جن میں وہ افراد بھی شامل تھے جنہیں غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ کام کرنے کے باعث خطرات لاحق تھے۔ اب کئی سال گزرنے کے باوجود ان کے کیسز مکمل نہ ہونے سے صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے۔

مزید پڑھیں۔امریکا اور ایران کشیدگی کم کرنے پر متفق، حملے روکنے اور مذاکرات بحال کرنے کا فیصلہ

یہ بھی پڑھیں