Search
Close this search box.
منگل ,07 جولائی ,2026ء

پاکستان اگلے سال ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا، احسن اقبال نے خوشخبری سنا دی

اسلام آباد :وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اگلے سال ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کرے گا۔

سپورٹس سٹی میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی کو اس سے پہلے بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنا ہوگا۔

اس موقع پر یونیورسٹی آف نارووال کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس، وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشد کیانی، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اور ایڈیشنل سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ ظہور احمد اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے نارووال سپورٹس سٹی کے انتظامی اور مالی معاملات یونیورسٹی آف نارووال کے حوالے کرنے کے بعد آپریشنز کی نگرانی کے لیے وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال، پاکستان سپورٹس بورڈ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندوں پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی کپ کے لیے18 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا

یہ کمیٹی سپورٹس سٹی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تیزی سے تکمیل کو یقینی بنائے گی اور ان منصوبوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائے گی تاکہ نارووال سپورٹس سٹی کو جلد از جلد تمام کھیلوں کے لیے کھولا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے سپورٹس سٹی میں سکواش اور بیڈمنٹن ہالز، باسکٹ بال، کرکٹ، فٹ بال اور ہاکی گراؤنڈز اور ہاسٹلز کی تزئین و آرائش کے کام کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

مزید برآں سپورٹس سٹی میں کبڈی گراؤنڈ کی تعمیر اور بجلی کے مسائل سمیت تمام زیر التوا معاملات کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر نے کہا کہ میں ہر ہفتے نارووال سپورٹس سٹی کا دورہ کروں گا اور خود انتظامی اداروں کی کارکردگی کی نگرانی کروں گا۔بعد ازاں انہوں نے نارووال سپورٹس سٹی کا بھی دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کی۔

تاخیر کا شکار نارووال سپورٹس سٹی کو اب بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کیا جا رہا ہے۔ نارووال سپورٹس سٹی میں کھیلوں کے تمام کوچز سال بھر دستیاب رہیں گے تاکہ باصلاحیت کھلاڑی بین الاقوامی معیار کی تربیت حاصل کر کے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا جھنڈا بلند کر سکیں۔

یہ بھی پڑھیں