سینئر سپورٹس رپورٹر اور تجزیہ کار عبدالمجید بھٹی نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان مردوں کی ٹیم کے بعد پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو جولائی میں پاکستان ملٹری اکیڈمی بھیجا جائے گا تاکہ ان کی فٹنس بہتر ہو سکے۔
یہ پہلا موقع ہوگا جب پاکستانی خواتین کرکٹرز کاکول کے انسٹرکٹرز سے ٹریننگ لیں گی۔ ایک وقت میں 15 خواتین کرکٹرز ایک ماہ کے فٹنس اور سکلز کیمپ میں حصہ لیں گی۔
پی سی بی ویمن ونگ کی سربراہ تانیہ ملک نے کہا کہ خواتین کرکٹرز کی فٹنس پر کام کرنا ضروری ہے۔ ہر ریجنل اکیڈمی میں ایک سکلز اینڈ کنڈیشننگ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کاکول میں فٹنس اور ایبٹ آباد میں سکلز کیمپ ایک ساتھ چلیں گے۔
مزید پڑھیں: کینیڈا، بینک فراڈ کے الزام میں پاکستانیوں سمیت 12 افراد گرفتار
پہلے 15 دنوں میں 15 لڑکیاں فٹنس کیمپ میں حصہ لیں گی جبکہ دیگر 15 لڑکیاں ایبٹ آباد میں ہونے والے سکلز کیمپ میں حصہ لیں گی۔ 2 ہفتوں کے بعد، سکلز کیمپ کی لڑکیاں فٹنس کیمپ میں شامل ہوں گی اور فٹنس کیمپ کی لڑکیاں سکلز کیمپ میں شامل ہوں گی۔
ویسٹ انڈیز کے بعد ٹیم انگلینڈ روانہ ہوگی۔ وہیں سیریز کے بعد کھلاڑیوں اور کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ غیر ملکی کوچ کا تقرر چیئرمین محسن نقوی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔





