اسلام آ باد (نیوز ڈیسک)احتساب عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی و سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں طبی بنیادوں پر سابق خاتون اول کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاونڈ ریفرنس پر سماعت سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے کی۔دوران سماعت بشریٰ بی بی پیش نہ ہوئیں اور ان کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ کا حکم ہے پہلے ملزمان کی بریت پر ٹرائل کورٹ فیصلہ کرے، جج نے کہا کہ اسلام اباد ہائی کورٹ سے اب تک کوئی حکم نامہ موصول نہیں ہوا۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ تحریری طور پر عدالت میں کہہ رہے ہیں کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے حکم دیا گیا تھا، نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ جن وکلا نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دلائل دیے تھے، ان ہی وکلا کی جانب سے تحریری طور پر عدالت کو آگاہ کیا جانا چاہیے تھا، اگر وکلا تحریری طور پر عدالت کو دے رہے ہیں تو عدالت اس معاملے کو دیکھ لے۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ اس درخواست پر ان وکلا کے دستخط بھی موجود نہیں جنہوں نے ہائی کورٹ میں دلائل دیے، عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی۔


