Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

کیبنٹ کے فیصلوں کا اختیارعمران خان کے پاس ہے،شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد ( اوصاف نیوز ) سینئر رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کو صوبہ چلانے کا مکمل اختیار حاصل ہے، تاہم کابینہ کے نام فائنل کرنے کا اختیار صرف بانی پاکستان تحریک انصاف کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ وزرا اور پارٹی کے قابل افراد کو نئے وژن کے مطابق دوبارہ شامل کیا جا سکتا ہے، جبکہ کیبنٹ کے اعلان سے قبل بانی پی ٹی آئی سے مشاورت ضروری ہے۔ بعض سابق وزرا کے نام بھی نئی کابینہ کا حصہ بن سکتے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ پارٹی میں نوجوانوں کو شامل کرنا بانی پی ٹی آئی کی واضح پالیسی ہے، اور نوجوانوں کی شمولیت سے احتجاجی قوت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات اور مشاورت کے بعد ہی کابینہ کی حتمی فہرست سامنے لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پارٹی تنظیم سازی پر توجہ دینا ضروری ہے، افواہوں پر وقت ضائع نہ کریں۔ ذاتی تنازعات سے پارٹی کمزور ہوتی ہے، نظم و ضبط کا خیال رکھنا سب کے لیے ضروری ہے۔

وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے بعد بھی عوام کا اعتماد بحال نہیں کیا جا سکا۔ نواز شریف اور شہباز شریف نے ہمیشہ اپنی فیملی کو فوائد پہنچائے، یہی اصل مسائل ہیں کہ اختیارات من پسند افراد کو دیے جاتے ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے زور دیا کہ انتشار پھیلانے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں، کارکنان اتحاد اور نظم کا مظاہرہ کریں۔
مزید پڑھیں‌:‏اسلام آباد ،سینٹورس مال کے ٹاور میں خاتون سے مبینہ اجتماعی زیادتی

یہ بھی پڑھیں