Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

عالمی عدالت انصاف کا فلسطین سےمتعلق تاریخی فیصلہ

اسلام آباد (اوصاف نیوز) عالمی عدالت انصاف نے فلسطین سے متعلق تاریخی اور اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ اسرائیل اپنے داخلی قوانین مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نافذ نہیں کر سکتا۔ عدالت نے واضح کیا کہ اسرائیل انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتا اور اسے فلسطینی عوام کو خوراک، پانی، ایندھن اور طبی سہولتیں فراہم کرنے کی پابندی کرنی ہوگی۔

عدالت کے مشاورتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قانون کے منافی ہیں اور انہیں فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عالمی انصاف اور انسانی حقوق کی فتح ہے۔ دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے عدالت میں تحریری اور زبانی دلائل کے ذریعے فلسطینی مؤقف کی بھرپور حمایت کی۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی عدالت کے روبرو یو این آر ڈبلیو اے (UNRWA) کے کردار کو ناگزیر اور ناقابلِ متبادل قرار دیا۔ پاکستان نے مطالبہ کیا کہ عدالت کے فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اوریو این آر ڈبلیو اے کی امدادی سرگرمیوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے بحال کیا جائے۔

پاکستان نے ایک بار پھرفلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ 1967 سے قبل کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

ترجمان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کو ان کے بنیادی انسانی حقوق فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ خطے میں پائیدار امن اور انصاف قائم ہو سکے۔
مزید پڑھیں‌:ایس پی عدیل اکبر معاملہ! اہم گرفتاری؟

یہ بھی پڑھیں