حکومت پنجاب(Punjab Government) نے شہری اور دیہی علاقوں میں پالتو کتوں کی رجسٹریشن لازمی قرار دیتے ہوئے باقاعدہ فارم جاری کر دیا ہے، جس کے تحت اب ہر شہری کو اپنے پالتو جانوروں کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنا ہوگا۔
حکومتی ہدایات کے مطابق گھروں، ڈیروں اور گلی محلوں میں کتے رکھنے والے افراد کے لیے رجسٹریشن کرانا ضروری ہوگا۔ فارم میں مالک کا نام، پتہ، کتے کی نسل اور دیگر اہم معلومات درج کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پالتو کتوں کی ویکسینیشن بھی لازمی قرار دی گئی ہے، جس کے لیے شہریوں کو متعلقہ لائیو اسٹاک اداروں سے رجوع کرنا ہوگا تاکہ بیماریوں کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔
مزید برآں عوامی مقامات پر کتوں کو آزاد چھوڑنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور انہیں باندھ کر رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، تاکہ شہریوں خصوصاً بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
مزیدپڑھیں:شہرقائد میں شدید گرمی، درجہ حرارت 40 ڈگری تک پہنچ گیا
حکومت نے واضح کیا ہے کہ ان احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ اقدامات عوامی تحفظ، صحت عامہ اور شہری نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔



